بھارتی فوج نے انتہاپسند ٹولے پال رکھے ہیں جو نہتے شہریوں کے خلاف پرتشدد کارروائیاں کرتے ہیں‘فاروق فاروق حیدر

ہندوستان بھر میں کشمیری طلبا کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک اس کے نام نہاد سیکولراوردنیا کے بڑے جمہوری ملک ہونے کے نام پر طمانچہ ہے‘وزیراعظم آزاد کشمیر

اتوار 17 فروری 2019 13:20

سپین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2019ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ جموں میں کشمیری مسلمانوں کے ساتھ بھارتی فوج کے ہندو کارندوں کے ظلم ستم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔بھارتی فوج نے انتہاپسند ٹولے پال رکھے ہیں جو نہتے شہریوں کے خلاف پرتشدد کارروائیاں کرتے ہیں۔ہندوستان بھر میں کشمیری طلبا کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک اس کے نام نہاد سیکولراوردنیا کے بڑے جمہوری ملک ہونے کے نام پر طمانچہ ہے۔

یورپی ملک بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔یورپی ملکوں کے دورے کا مقصد دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم سے آگاہ کرنا ہے۔وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ دنیا کو کشمیر پر توجہ دینا ہو گی کیونکہ یہ دو کروڑ سے زائد کشمیریوں کا معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دنیا کی واحد تحریک ہے جہاں پر اٹھارہ ماہ کی بچی نے بھی اپنی بینائی کی قربانی دی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجینسی را کشمیری عوام کے خلاف مسلسل سازشیں کرتی ہے جس کا ایک ثبوت حال ہی میں ہونے والے بم دھماکہ ہے۔انہوں نے کہا اس دھماکے کی آڑ لیکر بھارت نے پورے ہندوستان میں کشمیریوں کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے جہاں ان کی املاک جلائی جا رہی ہیں اور ان کو گھروں میں دہشت زدہ کیا جا ریا ہے۔

وزیراعظم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی ہندوستان کا اصلی چہرہ ہے جو اپنے متشدد نظریات کی وجہ سے کشمیریوں کی نفرت کی علامت بن چکا ہے۔انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ آج کشمیری طلبا کو جس انداز سے ہندوستان بھر میں محض کشمیری ہونے کی بنا پر تعصب ہونے کا نشانہ بنایا جارہا ہے اس کی جتنی مذمت کی جاے کم ہے یہ اصلی ہندوستان ہے جس میں صرف ہندو اور وہ بھی خالصتا برہمن سامراج کے لیے ہی جگہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام ہندوستانی جبری قبضہ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے اپنا تن من دھن قربان کر رہے ہیں اور قربانیوں کا یہ سلسلہ بھارت کے قبضے کے خاتمے تک جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نہتے نوجوانوں کے خلاف پوری طاقت جھونک دینے کے باوجود ہار چکا ہے ہندوستانی وزیراعظم ایک بار پھر سرعام کہ رہا ہے کہ ہم نے فوج کو فری ہینڈ دے رکھا ہے تا کہ وہ کشمیریوں کا قتل عام کرے۔انہوں نے یورپی ملکوں سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کہ مدد کریں اور بھارتی فوج کے انسانیت سوز جرائم روکنے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔