عمر اکمل جلد پاکستان ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں، سرفراز احمد کا عندیہ

نوجوانوں کے پاس قومی ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے پی ایس ایل اہم راستہ ہے، کپتان قومی کرکٹ ٹیم

اتوار 17 فروری 2019 14:10

عمر اکمل جلد پاکستان ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں، سرفراز احمد کا عندیہ
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2019ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے عندیہ دیا ہے کہ عمر اکمل اسی طرح کھیلتے رہے تو بہت جلد پاکستان ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سرفراز احمد نے کہا کہ عمر اکمل بہت باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور انہوں نے ہمیشہ اپنی ٹیم کے لیے اچھی پرفارمنس دی ہے۔سرفراز احمد کے مطابق عمر اکمل اگر اسی طرح پرفارمنس دیتے رہیں تو وہ بہت جلد پاکستان ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ نوجوانوں کے پاس قومی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے پی ایس ایل اہم راستہ ہے۔سرفراز احمد نے کہا کہ اس وقت ہر کوئی پی ایس ایل کو دیکھ رہا ہے، تاہم امید ہے کہ پی ایس ایل میں شامل باصلاحیت نوجوان کھلاڑی اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے۔

(جاری ہے)

سرفراز احمد نے بتایا کہ اگر اس ایونٹ کے دوران کوئی نوجوان کھلاڑی اپنے ٹیلنٹ سے ابھر کر سامنے ا?تا ہے تو قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی اور انتظامیہ اسے قومی ٹیم میں شامل کرنے پر غور کر سکتی ہے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ نوجوان کھلاڑی اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سخت محنت کریں گے اور قومی ٹیم میں جگہ بنائیں گے۔سرفراز احمد کے مطابق پاکستان کی قومی ٹیم میں باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو ہمیشہ خوش آمدید کہا جاتا ہے۔