پنجاب میں 70 لاکھ بچے آوٹ آف سکول ہیں،راجہ محمد الیاس کیانی

پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن آسان بنانے کے فوری طور پر ون ونڈو اسکیم کا اجراء کیا جائے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کا عمل آسان بنانے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب نوٹس لیں پرائیویٹ سکولزمالکان حکومتی ہدایت کے مطابق رجسٹریشن کیس 60 دن کے اندر محکمہ تعلیم کے دفاتر میں جمع کرائیں

اتوار 17 فروری 2019 14:40

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2019ء) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن رجسٹرڈپنجاب کے صدر،راجہ محمد الیاس کیانی نے کہا ہے کہ پنجاب میں 70 لاکھ بچے آوٹ آف سکول ہیں ۔پنجاب حکومت نجی اداروں کی حوصلہ افزائی کے بجائے آئے روزنئے نئے مسائل پیدا کررہی ہے ۔محکمہ تعلیم پنجاب کی افسرشاہی تعلیم کش پالیسی پر گامزن ہے ۔

پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن آسان بنانے کے فوری طور پر ون ونڈو اسکیم کا اجراء کیا جائے ۔پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کا عمل آسان بنانے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب نوٹس لیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو سر سید سکول جرنلسٹ کالونی اڈیالہ روڈ کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا اس وقت پر ائیویٹ تعلیمی ادارے شرح خواندگی میں اضافہ کے لیے مثبت کردار اد کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سرکاری سکولوں میں بچوں کی تعداد بڑھانے کیلئے کوئی متبادل انتظام نہیں ہے۔پرائیویٹ سکولزمالکان حکومتی ہدایت کے مطابق رجسٹریشن کیس 60 دن کے اندر محکمہ تعلیم کے دفاتر میں جمع کرائیں ۔ رجسٹریشن کے لیے ڈائریکٹ محکمہ تعلیم سے رابطہ کریں ۔ محکمہ تعلیم کے افسروں او کلرکوں نے لاتعداد اور بے مقصد شرائط عائد کر کے رجسٹریشن کا حصول ناممکن بنا دیا ہے ۔ ہم وزیر پنجاب سے پر زور اپیل کرتے ہیں کہ رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے لیے ڈائریکٹو جاری کریں ۔تقریب سے محمد عرفان کیانی اور سکول پرنسپل جہانگیر احمد نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب میں والدین اور عمائدین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔