بھارت ، کم عمر لڑکی کے ریپ پر پادری کو 20 سال قید کی سزا

بھارت میں کسی بھی پادری کو ریپ کے الزام میں دی جانے والی پہلی سزا ہے، رپورٹ

اتوار 17 فروری 2019 16:20

کیرالا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2019ء) بھارت کی ریاست کیرالا کی عدالت نے کم عمر لڑکی کے ریپ کا الزام ثابت ہونے پر پادری کو 20 سال قید کی سزا سنادی۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کیس کی سماعت کے دوران ریپ متاثرہ لڑکی اور اس کے اہل خانہ کو شدید دباؤ کا سامنا تھا تاہم پراسیکیوٹر عدالت میں متاثرہ لڑکی کا برتھ سرٹیفکیٹ پیش کرنے میں کامیاب رہے جس کے مطابق ریپ کے وقت متاثرہ لڑکی نابالغ تھی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت نے پادری کو 20 سال قید کی سزا سنائی ، کیس کے دیگر 6 ملزمان کو ناکافی شواہد پر رہا کرنے کا حکم دیا۔خیال رہے کہ بھارت میں کسی بھی پادری کو ریپ کے الزام میں دی جانے والی یہ پہلی سزا ہے۔یہ کیس 2017 میں اس وقت درج کیا گیا تھا جب بچوں کے تحفظ کیلئے بنائی گئی ہیلپ لائن کو فون کرکے یہ اطلاع دی گئی تھی کہ ایک مسیحی عبادت گاہ کے تحت چلنے والے ہسپتال میں ایک کم عمر لڑکی نے بچے کو جنم دیا ہے۔پولیس تفتیش کے مطابق روبن نامی پادری، جو اس وقت چرچ کے منتظمین میں شامل تھے، نے نابالغ لڑکی کے ساتھ ریپ کیا تھا۔