موٹر سائیکل سمیت ائیرپورٹ میں گھسنے کی کوشش کرنے والے مشکوک شخص کے فرانسیسی شہری ہونے کا انکشاف

مشکوک شخص کی شناخت عادل رحمان کے نام سے ہوئی ہے،فرانس میں بھی مار پیٹ میں ملوث رہ چکا ہے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس اتوار 17 فروری 2019 17:41

موٹر سائیکل سمیت ائیرپورٹ میں گھسنے کی کوشش کرنے والے مشکوک شخص کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 فروری2019ء) موٹر سائیکل سمیت ائیرپورٹ میں گھسنے کی کوشش کرنے والا مشکوک شخص فرانسیسی شہری نکلا۔ شخص کی شناخت عادل رحمان کے نام سے ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے مصروف ترین کراچی ائیرپورٹ پر مبینہ طور حملہ کرنے کی کوشش کی گئی ۔ بتایا گیا کہ ایک مشکوک شخص موٹرسائیکل لے کر قائد اعظم ائیرپورٹ کے بین الاقوامی روانگی لائنج میں جا گھسا۔

تاہم اے ایس ایف اہلکاروں نے فوری حرکت میں آتے ہوئے مشکوک شخص کو گرفتار کرلیا۔ بتایا گیا کہ پکڑا گیا شخص نشے میں تھا۔ موٹرسائیکل سواروی آئی پی ون وے لین سے ایئرپورٹ گھسنے کی کوشش کررہا تھا۔ گرفتار کیے گئے شخص کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا جبکہ کراچی ائیرپورٹ کی سیکورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم دوران تفتیش اس مشکوک شخص کے فرانسیسی شہری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

گرفتار ہونے والے شخص کی شناخت عادل رحمان کے نام سے ہوئی ہے۔ مذکورہ مشکوک شخص فرانس کا شہری ہے، نشے کا عادی ہے، فرانس میں بھی مار پیٹ کر چکا ہے۔ تلاشی کے دوران بائیک سوار سے فرانس کا ویزہ لگا پاسپورٹ بھی برآمد ہوا۔ کہا جا رہا ہے کہ زیرِ حراست شخص ذہنی مریض ہے، 2018 میں فرانس سے پاکستان پہنچا۔مشتبہ شخص سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے، مشتبہ شخص کی موٹر سائیکل اور اس کا ریکارڈ سی پی ایل سی سے طلب کر لیا گیا ہے۔