Live Updates

پیپلز پارٹی پنجاب میں سروائیول کی جنگ لڑ رہی ہے اپنا عروج واپس لانے کے سفر پرگامزن ہیں‘حسن مرتضیٰ

عمران خان سوشل میڈیا کو استعمال کر کے سیاسی نفرت پھیلاتے رہے جب سوشل میڈیا پر ان پر تنقید ہو رہی ہے تو اس پر قدغن لگائی جا رہی ہیں‘میڈیا سے گفتگو

اتوار 17 فروری 2019 18:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2019ء) پیپلزپارٹی پنجاب کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی نے کہاکہ پیپلز پارٹی پنجاب میں سروائیول کی جنگ لڑ رہی ہے ہم اپنا عروج واپس لانے کے سفر پرگامزن ہیں،سوشل میڈیا پر نفرت آمیز مواد کی آڑ میں ایک مسلک کیخلاف نفرت پھیلائی جا رہی ہے،یہی عمران خان سوشل میڈیا کو استعمال کر کے سیاسی نفرت پھیلاتے رہے اب جب سوشل میڈیا پر ان پر تنقید ہو رہی ہے تو اس پر قدغن لگائی جا رہی ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسن مرتضی نے کہاکہ پنجاب میں سرگرمیاں تیز کر رہے ہیں،ہم اپنی بھٹو دور سے زرداری صاحب کے دور تک کی کامیابیاں نئی نسل کو بتائیں،دفاع سے صحت اور تعلیم، روزگار تک پی پی کا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں،آج لیڈر شپ اور ڈرائیور کا فرق تک مٹا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ایک وقت تھا جب بھٹو امت مسلمہ کی قیادت کرتے تھے،آج کے حکمران دوست ملک کے ولی عہد کی گاڑی ڈرائیو کرنے میں فخر محسوس کر رہے ہیں۔

سعودی ہمارا دوست ملک ہے ، وہ دھرتی مقدس اور ہمیں عزیز ہے۔سعودی ولی عہد کی آمد پر ان کو خوش آمدید کہتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ برادر ملک کے ولی عہد کی آمد کو بنیاد بنا کر ایک مسلک کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔سوشل میڈیا پر نفرت آمیز مواد کی آڑ میں ایک مسلک کیخلاف نفرت پھیلائی جا رہی ہے۔وزارت داخلہ نے ایک نوٹیفکیشن جاری کر کے ایک مسلک کو نشانہ بنایا ہے۔

پی پی نے کبھی مذہبی تفریق کی بنیاد کی سیاست نہیں کی عمران خان حکومت کی اس گھنائونی حرکت کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یہی عمران خان سوشل میڈیا کو استعمال کر کے سیاسی نفرت پھیلاتے رہے اب جب سوشل میڈیا پر ان پر تنقید ہو رہی ہے تو اس پر قدغن لگائی جا رہی ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہم اپنے شاندار ماضی کو نئی نسل کو سامنے لانے کیلئے تقاریب کریں گے۔لوگوں کے مسائل پر بھی عوام میں آئیں گے اور حکمرانوں کا چہرا عوام کو دکھائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات