پی ایس ایل4:اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 158رنز کا ہدف دیدیا

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے سہیل تنویر کی عمد ہ باﺅلنگ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 17 فروری 2019 18:18

پی ایس ایل4:اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 158رنز ..
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17فروری 2019ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 158رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ دبئی میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے چھٹے میچ کا ٹاس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے جیت کر مخالف ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیوک رونکی اور رضوان حسین نے اننگز کا آغاز کیا، سہیل تنویر نے اننگز کی پہلی ہی گیند پر رونکی کو پویلین واپس بھیج دیا جب کہ پہلے ہی اوور کی آخری گیند پر شاداب خان کو بھی آﺅٹ کرکے اسلام آباد کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔

رضوان حسین بھی 5 رنز بنانے کے بعد محمد نواز کا شکار بنے، کیمرون ڈیلپورٹ اور حسین طلعت نے سکور بورڈ کو آگے بڑھایا تاہم کیمرون بھی 19 رنز بناکر فواد احمد کا شکار بنے جب کہ حسین طلعت بھی 30 رنز کی اننگز کھیل کر فواد کے ہاتھوں بولڈ ہوئے،آصف علی36رنز بنا کر سہیل تنویر کا تیسرا شکار بنے،وین پارنیل20گیندوں پر41رنز کی عمدہ باری کھیل کر سہیل تنویر کے ہاتھوں آﺅٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

لیگ کا7واں اور آج کا دوسرا میچ پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے کھیلا جائے گا۔پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے 5ویں میچ میں کل لاہور قلندرز نے حارث رﺅف کی شاندار بالنگ کی بدولت کراچی کنگز کو 22 رنز سے شکست دی تھی۔اسلام آباد یونائیٹڈ 2 میچز کھیل چکی ہے، پہلے میچ میں اس نے لاہور قلندرز کو شکست دی تھی جب کہ دوسرے میچ میں کراچی کنگز سے ہار گئی تھی، اس طرح یونائیٹڈ کے لیگ میں اب تک 2 پوائنٹس ہیں۔

لاہور قلندرز نے بھی دو میچز کھیلے ہیں، پہلے میچ میں یونائیٹڈ سے شکست ہوئی جب کہ ہفتے کو کراچی کنگز سے میچ جیت کر 2 پوائنٹس حاصل کیے ۔واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں اب تک صرف ایک میچ کھیلی ہیں جن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو شکست دی تھی۔