پی ایس ایل4: لاہورقلندرز نے پشاور زلمی کو جیت کیلئے 79رنز کا ہدف دیدیا

حسن علی کی 4 وکٹیں،وہاب کے تین شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 17 فروری 2019 22:23

پی ایس ایل4: لاہورقلندرز نے پشاور زلمی کو جیت کیلئے 79رنز کا ہدف دیدیا
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17فروری 2019ء) پاکستان سپر لیگ کے ساتویں مقابلے میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 79رنز کا ہدف دیدیا ہے ۔دبئی سپورٹس سٹی میں کھیلے جارہے اس میچ میںپشاور زلمی نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد حسن علی نے لاہور قلندرز کے ٹاپ آرڈر کو ابتدا میں ہی تہس نہس کرتے ہوئے فخرزمان، سہیل اختر، اے بی ڈی ویلیئرز اور برینڈن ٹیلر کو آﺅٹ کردیا۔

ڈیوچچ نے18رنز بنا کر مزاحمت کی تاہم کیرون پولارڈ نے ان کی اننگز کا خاتمہ کیا ، ولجوئین صرف ایک رن بنا کر ابتسام شیخ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوگئے ، حسان خان بھی 7رن بنا کر ابتسام شیخ کی گیند پر کامران اکمل کے ہاتھوں سٹمپ آﺅٹ ہوئے ، آغاسلمان نے13رنز بنائے جس کے بعد وہ وہاب ریاض کا شکار بن گئے ،حارث رﺅف بغیر کوئی رن بنائے بغیر وہاب ریاض کا دوسرا شکا ر بنے ،وہاب نے شاہین آفریدی کو بولڈ کرکے اپنی تیسری وکٹ حاصل کی جس کے ساتھ ہی لاہور قلندرز کی پوری ٹیم محض78رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی، یہ پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کا دوسری کم ترین سکور ہے۔

(جاری ہے)

لاہور قلندرز کے مستقل کپتان محمد حفیظ انجری شرکت نہیں کر رہے جب کہ ان کی جگہ اے بی ڈی ویلیئرز ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔محمد حفیظ کراچی کنگز کے خلاف میچ کے دوران ہاتھ پر گیند لگنے کی وجہ سے زخمی ہو کر میدان سے باہر چلے گئے تھے۔اپنے گزشتہ میچ میں پشاور زلمی کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کے خلاف اپنے گزشتہ میچ میں 22 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔