پی ایس ایل4: پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 7وکٹوں سے ہرا دیا

حسن علی کی 4 وکٹیں،وہاب کے تین شکار،عمر امین کی نصف سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 17 فروری 2019 23:36

پی ایس ایل4: پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 7وکٹوں سے ہرا دیا
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17فروری 2019ء) پاکستان سپر لیگ کے ساتویں مقابلے میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو7وکٹوں سے ہرا دیا ۔ دبئی سپورٹس سٹی میں کھیلے جارہے اس میچ میں لاہور قلندرز کی جانب سے دیئے گئے79رنز کے ہدف کے تعاقب میں کامران اکمل اور امام الحق نے پشاور زلمی کے لیے اننگز کا آغاز کیا ،شاہین آفریدی نے ایک خوبصورت یارکرکے ذریعے کامران اکمل کو شکست کی خفت سے دوچار کردیا ، امام الحق بھی محض ایک رن بنا کر حارث رﺅف کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے،عمر امین اور وین میڈسن نے تیسری وکٹ کے لیے62رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد میڈسن5رنز بنا کر راحت علی کا شکار بنے ،اس سے قبل پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد حسن علی نے لاہور قلندرز کے ٹاپ آرڈر کو ابتدا میں ہی تہس نہس کرتے ہوئے فخرزمان، سہیل اختر، اے بی ڈی ویلیئرز اور برینڈن ٹیلر کو آﺅٹ کردیا۔

(جاری ہے)

ڈیوچچ نے18رنز بنا کر مزاحمت کی تاہم کیرون پولارڈ نے ان کی اننگز کا خاتمہ کیا ، ولجوئین صرف ایک رن بنا کر ابتسام شیخ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوگئے ، حسان خان بھی 7رن بنا کر ابتسام شیخ کی گیند پر کامران اکمل کے ہاتھوں سٹمپ آﺅٹ ہوئے ، آغاسلمان نے13رنز بنائے جس کے بعد وہ وہاب ریاض کا شکار بن گئے ،حارث رﺅف بغیر کوئی رن بنائے بغیر وہاب ریاض کا دوسرا شکا ر بنے ،وہاب نے شاہین آفریدی کو بولڈ کرکے اپنی تیسری وکٹ حاصل کی جس کے ساتھ ہی لاہور قلندرز کی پوری ٹیم محض78رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی، یہ پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کا دوسرا کم ترین سکور ہے۔

لاہور قلندرز کے مستقل کپتان محمد حفیظ انجری شرکت نہیں کر رہے جبکہ ان کی جگہ اے بی ڈی ویلیئرز ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔محمد حفیظ کراچی کنگز کے خلاف میچ کے دوران ہاتھ پر گیند لگنے کی وجہ سے زخمی ہو کر میدان سے باہر چلے گئے تھے۔اپنے گزشتہ میچ میں پشاور زلمی کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کے خلاف اپنے گزشتہ میچ میں 22 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔