سعودی مملکت میں غیر مُلکی گھریلو ملازمین کی تعداد 23 لاکھ سے زائد

سعودی عرب میں غیر مُلکی ملازمائیں اب ڈرائیونگ بھی کرنے لگی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 18 فروری 2019 12:19

سعودی مملکت میں غیر مُلکی گھریلو ملازمین کی تعداد 23 لاکھ سے زائد
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18فروری 2019ء ) وزارت محنت و سماجی بہبود کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اس وقت سعودی مملکت میں مقیم غیر مُلکی گھریلو ملازمین کی تعداد 23 لاکھ 70 ہزار سے زائد ہے۔ ان غیر مُلکیوں گھریلو ملازمین میں سے مردوں کی تعداد16 لاکھ ساٹھ ہزار ہے جو کہ گھریلو ملازمین کی کُل گنتی کا 70 فیصد بنتے ہیں۔

جبکہ غیر مُلکی گھریلو ملازماؤں کی تعداد 7 لاکھ 11 ہزار کے لگ بھگ ہے۔وزارت محنت کے مطابق 2018ء کی آخری سہ ماہی میں گھریلو ملازمین کی گنتی میں 2.1 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ اس سے قبل یہ تعداد 24 لاکھ 20 ہزار کے قریب تھی۔ غیر مُلکی گھریلو ملازمین کی مجموعی طور پرماہانہ تنخواہ 4.3 بلین ریال ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس حساب سے سعودی مالکان اپنے غیر مُلکی گھریلو ملازمین کو اوسطاً1810 ریال فی کس ماہانہ تنخواہ دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 2018ء کی آخری سہ ماہی کے دوران گھریلو ملازمین کی تنخواہوں میں 2.3 فیصد اضافہ واقع ہوا ہے۔ اس سے قبل گھریلو ملازمین کو ماہانہ تنخواہ کی مد میں فی کس کی اوسط کے حساب سے 1769 ریال ماہانہ دیئے جاتے تھے۔سعودی عرب میں خواتین پر سے ڈرائیونگ کی پابندی ہٹنے کے بعد اب غیر مُلکی خواتین بھی گھریلو ڈرائیورز کی خدمات نبھا رہی ہیں۔ اس سے قبل یہ پیش صرف مردوں تک محدود تھا۔ وزارت کے مطابق اس وقت گھروں میں کھانا پکانے والے ملازمین کی گنتی ساڑھے بائیس ہزار ہے۔ گھریلو کام کاج کرنے والوں غیر مُلکیوں کی گنتی پانچ لاکھ پچانوے ہزار ہے۔ جبکہ ڈرائیورز کی گنتی 13 لاکھ 40 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔