Live Updates

سعودی ولی عہد نے 2ہزار سے زائد پاکستانیوں کی رہائی کا حکم دیدیا

وزیر اعظم نے شہزادہ محمد بن سلمان سے معمولی جرائم میں قید تین ہزار پاکستانیوں کی رہائی کی درخواست کی تھی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 18 فروری 2019 12:35

سعودی ولی عہد نے 2ہزار سے زائد پاکستانیوں کی رہائی کا حکم دیدیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 فروری۔2019ء) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی جیلوں میں قید 2017 پاکستانیوں کو رہاکرنے کا حکم دیا ہے. سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بتایا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر پاکستانی قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے، سعودی ولی عہد نے وزیراعظم کی درخواست کے بعد فوری طور پر سعودی جیلوں میں قید 2 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے.

گذشتہ روز وزیر اعظم نے شہزادہ محمد بن سلمان سے سعودی عرب میں معمولی جرائم میں قید تین ہزار پاکستانیوں کی رہائی کی درخواست کی تھی.

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر سعودی ولی عہد محمدبن سلمان نے 2107 پاکستانیوں کی فوری رہائی کا حکم دے دیا ، 2107 قیدی سعودی عرب کی مختلف جیلوں میں قید ہیں.

یاد رہے گذشتہ روز وزیرِ اعظم ہاﺅس میں عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے سعودی ولی عہد سے معمولی جرائم میں قید 3 ہزار پاکستانیوں کی رہائی کی اور اپنی سرزمین پرموجود پچیس لاکھ پاکستانیوں کو اپنا ہی سمجھنے کی درخواست کی تھی. وزیراعظم کا کہنا تھاکہ سیکورٹی مسائل نہ ہوتے تو ہزاروں پاکستانی آپ کااستقبال کرتے، سعودی عرب پاکستانی حجاج کوپاکستان میں امیگریشن کی سہولت دے، 25 لاکھ پاکستانی سعودی عرب میں مقیم ہیں.

جس کے جواب میں شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کوہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان، آپ مجھے سعودی عرب میں پاکستانی سفیر سمجھیں، پاکستان کونانہیں کہہ سکتے، ہم سے جو کچھ ہوسکتا ہے کریں گے. شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا تھا کہ پاکستان ہمارا دوست اور بھائی ہے، پاکستان کے ساتھ دوستی اور بھائی چارے کو مزید آگے بڑھائیں گے، پاکستان میں اس طرح کی قیادت کا انتظار تھا تاکہ ہم پارٹنر بنیں اور بہت سے کام مل کر کر سکیں.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات