Live Updates

سعودی سرمایہ کاروں ،تاجروں کی پی ایف سی وفد سے ملاقات،

پاکستانی فرنیچر میں گہری دلچسپی کا اظہار، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے قیام کی پیشکش پی ایف سی مقامی فرنیچر سیکٹر کو فروغ دینے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریگی، وفد سعودی عرب اور خلیجی ریاستوں کا دورہ کریگا‘ میاں کاشف اشفاق

پیر 18 فروری 2019 13:48

سعودی سرمایہ کاروں ،تاجروں کی پی ایف سی وفد سے ملاقات،
اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) سعودی سرمایہ کاروں اور تاجروں کے وفد نے پاکستان کے ہاتھ سے بنے ورلڈ کلاس روایتی فرنیچر میں گہری دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے دونوں اسلامی ممالک کے درمیان فرنیچر کے کاروبار کو فروغ دینے کے لئے پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اس ضمن میں سعودی تاجروں کے وفد اور پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق کی سربراہی میں پاکستانی وفد کے مابین ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران مہمان وفد نے پاکستان میں فرنیچر سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا اور اس شعبہ میں سعودی عرب میں مشترکہ منصوبوں کے قیام کی پیشکش بھی کی۔ انہوں نے پاکستان میں توانائی کے شعبے سے متعلق مسائل کے حل کے لئے مکمل تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے فرنیچر کے شعبے میں باہمی تجارت کو فروغ دینے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی اور اس سلسلے میں انہوں نے تعاون کے نئے مواقع کی تلاش کیلئے پی ایف سی کے وفد کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت دی۔ میاں کاشف اشفاق نے پاکستان کا دورہ کرنے اور مختلف شعبوں میں نئے مواقع پیدا کرنے میں دلچسپی اور سعودی عرب کی جانب سے ریکارڈ سرمایہ کاری پیکج کی تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا جس سے پاکستان کو علاقائی اور جیوپولیٹیکل چیلنجز کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس دورہ سے امت مسلمہ میں اتحاد اور باہمی تجارت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے معیشت کی بحالی کے لئے فعال کردار ادا کرنے، غیر ملکی سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی کو پاکستان لانے اور برآمدات کا حجم بڑھانے کے لئے موثر اقدامات پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ میاں کاشف نے کہا کہ پی ایف سی مقامی فرنیچر سیکٹر کو فروغ دینے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی اور اس سلسلے ایک وفد سعودی عرب اور خلیجی ریاستوں کا دورہ کرے گا کیونکہ اس شعبے میں تجارت کے فروغ کی بہت زیادہ گنجائش اور مواقع موجود ہیں اور فرنیچر سیکٹر میں اربوں روپے کی برآمدات کی جا سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے بعد سعودی عرب پاکستان کے فرنیچر پروڈیوسروں کے لئے بہت بڑی مارکیٹ ہے کیونکہ پاکستان کے ہاتھ سے تیار روایتی فرنیچر کی بین الاقوامی مارکیٹوں میں بہت زیادہ مانگ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بڑھانے اور مشترکہ کاروباری حکمت عملی کی تیاری کے لئے سعودی عرب میں اپنے ہم منصبوں کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔

پی ایف سی کے سربراہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں اور تاجروں کے درمیان ملاقاتوں کا باقاعدہ تبادلہ ہونا چاہئے اس سے سرمایہ کاری کے نئے مواقع میسر آئیں گے اور باہمی تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے مواقع کے لحاظ سے بہترین ملک ہے اور سعودی سرمایہ کار فرنیچر، تعمیرات اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا حقیقی دوست اور برادر ملک ہے اور ہر پاکستان سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہے۔ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ مذہبی، ثقافتی اور اقتصادی تعلقات میں منسلک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی وژن 2030 بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے اور یہ سعودی عرب کی معیشت کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات