پاکستان سعودی عرب کے درمیان بیس ارب ڈالر کے معاہدے معاشی انقلاب کا آغاز ہے‘میاں خرم الیاس

دونوں ممالک کے درمیان توانائی ،ریفائنری،پیٹروکیمیکل میں تعاون و تجارتی سرگرمیوں سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا

پیر 18 فروری 2019 13:48

پاکستان سعودی عرب کے درمیان بیس ارب ڈالر کے معاہدے معاشی انقلاب کا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن میاں خرم الیاس نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بیس ارب ڈالر کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیس ارب ڈالر کے معاہدے معاشی انقلاب کا آغاز ہے ،دونوں ممالک کے درمیان توانائی، ریفائنری ،پٹروکیمیکل میں تعاون و تجارتی سرگرمیوں سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو نئی جہت ملے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین حافظ عمران حمید، وائس چیئرمین مہوش احمد کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد شاہ سلمان کی طرف سے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے عزم کا اظہار پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی سرگرمیوں سے ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔

(جاری ہے)

میاں خرم الیاس نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا قابل اعتماد ،مشکل گھڑی میں کام آنے والا دوست ملک ہے پاکستان کے جوہری پروگرام پر دنیا بھر سے پابندیوں پر سعودی قیادت اور عوام نے پاکستان کی فراخدلانہ سرپرستی اور اعانت کی پاکستان کے عوام مشکل حالات میں سعودی کردار کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی ۔مشکل ترین معاشی بحران میں سعودی عرب کا سرمایہ کاری پیکیج سے پاکستان کو معاشی بحران سے عہدہ برآں ہونے میں مدد ملے گی اور اربوں روپے کی سرمایہ کاری سے ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔