Live Updates

سعودی عرب کی سرمایہ کاری انتہائی اہمیت کی حامل ہے،

بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری سے ہماری معیشت میں بہتری آئیگی، مشیر تجارت سعودی عرب کے سرمایہ کاروں اور تاجروں کو ان کے کاروباری منصوبوں میں ہر طرح کی ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی، عبد الرزاق دائود

پیر 18 فروری 2019 15:18

سعودی عرب کی سرمایہ کاری انتہائی اہمیت کی حامل ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) وزیراعظم عمران خان کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہاہے کہ سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری انتہائی اہمیت کی حامل ہے، بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری سے ہماری معیشت میں بہتری آئیگی، سعودی عرب کے سرمایہ کاروں اور تاجروں کو ان کے کاروباری منصوبوں میں ہر طرح کی ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

پیر کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں پاک سعودی عرب بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک-سعودی تعلقات ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سعودی عرب، پاکستان کی ترقی کے سفر میں شریک ہے۔انہوں نے کہاکہ سعودی عرب خوشحالی کے سفر میں پاکستان کا شراکت دار ہے۔

(جاری ہے)

عبدالرزاق دائود نے کہاکہ سعودی سرمایہ کاروں کی طرف سے کان کنی اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کیساتھ ہمارے تعلقات مختلف سمت میں اورمختلف سطح پر آگے بڑھ رہے ہیں، پاکستان کے مختلف شعبوں میں سعودی عرب کی طرف سے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے اعلان سے ہماری معیشت میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کاروں اور تاجروں کو ان کے کاروباری منصوبوں میں ہر طرح کی ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے حالیہ دورہ پاکستان کے موقع پر کے پہلے مرحلہ میں آئل ریفائننگ، پیٹروکیمیکل سمیت دیگر مختلف شعبہ جات میں 20 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کیلئے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دونوں ممالک نے دستخط کئے ہیں جس سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو گا اور پاکستان میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا۔

اس موقع پر تجارت کے بارے میں سعودی عرب کے وزیر ماجد الکسابی نے کہا کہ دورے میں پاکستان کے ساتھ مختلف مسائل اور چیلنجز پر بات ہوئی، سعودی عرب اور پاکستان درپیش چیلنجز سے مل کر نمٹ سکتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ایک نئی اورمثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے اقتصادی تعاون کے فروغ سے معاشی ترقی کے اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ باہمی روابط سے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہاکہ مخلصانہ تعلقات پر وزیراعظم عمران خان کے مشکور ہیں۔ سیکریٹری احمد نواز سکھیرا نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور سعودی تجارتی وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کو مکمل آئینی اور قانونی تحفظ فراہم کرتا ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع جات کی منتقلی کی مکمل آزادی ہے۔

انہوں نے سعودی سرمایہ کاروں کو ملک میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ کانفرنس میں شرکت کرنے والے سعودی سرمایہ کاروں نے توانائی، زراعت، سیاحت سمیت قومی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ مشینری کی درآمد پر ڈیوٹی میں رعایت دینے کی ضرورت ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات