ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستان سے متعلق سفارشات کا جائزہ لیاگیا

امید ہے گروپ کی سفارشات کی روشنی میں پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالنے کی راہ ہموار ہو جائے گی ، پاکستان اجلاس 22 فروری تک غور کے بعد اپنی سفارشات مرتب کرکے ایف اے ٹی ایف کوبھجوائے گا

پیر 18 فروری 2019 15:49

ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستان سے متعلق سفارشات کا جائزہ لیاگیا
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) ایف اے ٹی ایف کے اہم گروپ آئی سی آر جی کے پہلے اجلاس میں پاکستان کے بارے میں ایشیا پیسیفک گروپ کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا جبکہ پاکستان پرامید ہے گروپ کی سفارشات کی روشنی میں پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالنے کی راہ ہموار ہو جائے گی۔ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کانام گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے 27 نکات پرعمل درآمد کا کہہ رکھا ہے، پاکستان اہم نکات پرعمل درآمد کرکے اپنی رپورٹ گزشتہ ماہ سڈنی میں ہونیوالے ایف اے ٹی ایف کے اہم گروپ ایشیاپیسیفک میں جمع کروا چکا ہے۔

انٹر کنٹریز رسک گائیڈ یعنی آئی سی آر جی نے ان سفارشات کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔اجلاس کے پہلے روز پاکستان سے متعلق ایشیاء پیسیفک گروپ کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس 22 فروری تک غور کے بعد اپنی سفارشات مرتب کرکے ایف اے ٹی ایف کوبھجوائے گا۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں کی مالی مدد روکنے کیلئے قائم فنانشل ایکشن ٹاسک فورس مئی میں دوبارہ ان سفارشات کا جائزہ لے گی، ان سفارشات کی روشنی میں ستمبر میں اپنے اجلاس میں پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالنے سے متعلق فیصلہ کریگا۔

پاکستان نے اپنے جواب میں بتا دیا ہے کہ بین الااقومی معیار کے مطابق نظام متعارف کروایا ہے جس کے بعد بینکوں کے ذریعے مشکوک ترسیلات کی نشاندہی میں 75 فیصد بہتری آئی ہے۔ایئر پورٹس، بارڈر اور سمندری حدود پر رقوم کی اسمگلنگ روکنے کیلئے بھی انتظامات میں بہتری لائی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے کیے گئے اقدامات کی روشنی میں ایف اے ٹی ایف کے بعض یورپی ممالک نے پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالنے کی سفارش کرنے کی یقین دہانی بھی کرا دی ہے۔

متعلقہ عنوان :