راس الخیمہ میں ڈرائیورز کو شاندار خوشخبری سُنا دی گئی

ٹریفک جرمانوں کی رعایتی سکیم میں توسیع کر دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 18 فروری 2019 15:22

راس الخیمہ میں ڈرائیورز کو شاندار خوشخبری سُنا دی گئی
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18فروری 2019ء ) راس الخیمہ پولیس کی جانب عوام کو شاندار خبر سُنائی گئی ہے جس کے تحت جرمانوں میں رعایت کی سکیم کی مُدت میں مزید توسیع کر دی گئی ہے۔راس الخیمہ پولیس کے جنرل کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہ بن الاعوان النُعیمی نے بتایا کہ اس سکیم کے تحت اگر ڈرائیورز حضرات اپنے ٹریفک جرمانے پچاس دِن کے اندر اندر ادا کر دیتے ہیں تو اُن پر عائد پچاس فیصد جرمانہ معاف کر دیا جائے گا۔

جبکہ اگر جرمانے 80 روز کے اندر ادا کیے جاتے ہیں تو اس صورت میں جرمانے کی رقم میں 30 فیصد کی رعایت ہو گی۔ اُنہوں نے بتایا کہ دسمبر 2015ء میں جاری ہونے والی رعایتی سکیم سے اب تک ایک لاکھ نوّے ہزار ڈرائیور فائدہ اُٹھا چکے ہیں۔ عوامی مفاد کی اس رعایتی سکیم کی وجہ سے چھے لاکھ ٹریفک جرمانوں میں رعایت دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

یہ سکیم تمام قسم کی چھوٹی بڑی گاڑیوں کے لیے ہے۔

اس رعایتی سکیم کی وجہ سے راس الخیمہ میں روزانہ ہونے والے ٹریفک حادثات کی گنتی 120 سے گھٹ کر 40 تک آ گئی ہے۔ جبکہ جان لیوا ٹریفک حادثات میں بھی بہت کمی واقع ہوئی ہے۔ کیونکہ غلطیاں کرنے والے ڈرائیورز کو پولیس کی جانب سے بھرپور معاونت دی جا رہی ہے۔ جن لوگوں کے جرمانوں میں رعایت دی جاتی ہے، اُنہیں ایک بات کے لیے پابندکیا جاتا ہے کہ اگر وہ کوئی ٹریفک حادثہ رُونما ہوتا دیکھیں تو اس کی فوری طور پر اطلاع دیں، جبکہ غلط ڈرائیونگ کرنے والوں اور حادثے کے بعد فرار ہو جانے والے ڈرائیورز کے بارے میں بھی پولیس کو آگاہ کریں۔