نواز شریف کے علاج معالجے کی وجہ سے جناح ہسپتال میں پریشانی کا شکار ایک ملزم نے عدالت سے رجوع کر لیا

کینسر کے مرض میں مبتلا ملزم منتظر حسین عرف مانی کا علاج چل رہا تھا ،نواز شریف کی وجہ سے ڈسچارج کیا جا رہا ہے ‘موقف

پیر 18 فروری 2019 16:31

نواز شریف کے علاج معالجے کی وجہ سے جناح ہسپتال میں پریشانی کا شکار ایک ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے علاج معالجے کی وجہ سے جناح ہسپتال میں پریشانی کا شکار ایک ملزم نے عدالت سے رجوع کر لیا ۔کینسر کے مرض میں مبتلا ملزم منتظر حسین عرف مانی کا جناح ہسپتال میں علاج چل رہا تھا جس نے سیشن عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔ایڈیشنل سیشن جج عاصم منصور نے درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

مریض کی جانب سے منصور الرحمان آفریدی ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی جیل سے ہسپتال منتقلی سے دیگر مریضوں کو ڈسچارچ کیا جا رہا ہے، کینسر کے مریض پر نواز شریف کی وجہ سے ظلم کیا جا رہا ہے،نواز شریف سزا یافتہ قیدی ہیں جبکہ میرا کلائنٹ قتل کیس میں ملزم ہے، دونوں مریض ہیں،کینسر کے مریض کو نواز شریف کی وجہ سے جیل منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ نواز شریف کیلئے وارڈ کی تزئین و آرائش کی جا رہی ہے۔وکیل نے کہا کہ ائین کے تحت تمام شہری برابر حقوق رکھتے ہیں قانون کی نظر میں ملزم قیدی سے بہتر ہے ۔ معزز عدالت سے استدعا ہے کہ مریض ملزم کی جیل منتقلی روکی جائے۔جس پر عدالت نے کینسر کے مریض کے حوالے سے رپورٹ آج تک طلب کر لی۔