سعودی ولی عہد کے تاریخی دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہیں، سردار مسعود خان

سعودی رہنما دورہ دہلی کے دورن کشمیر میں بھارتی مظالم بند کرانے پر زور دیں،سعودی عرب نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ، کشمیر ی شکر گزار ہیں،صدر آزاد کشمیر

پیر 18 فروری 2019 17:05

سعودی ولی عہد کے تاریخی دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہیں، سردار مسعود ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلیمان کے دورہ پاکستان کے دوران مختلف شعبوں میں بیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کے معاہدوں اور مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ دورہ بھارت کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا معاملہ بھی اُٹھائیں گے ۔

پیر کے روز کشمیر ہائوس اسلام آباد سے جاری ہونے والے ایک خصوصی بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب بسنے والے کشمیری حجاز مقدس اور مقامات مقدسہ کی محافظ سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ والہانہ محبت و عقیدت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسلامی تعاون تنظیم کے ایک اہم رکن اور مسلم دنیا میں خصوصی حیثیت رکھنے والے سعودی عرب نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا جس پر اہل جموں و کشمیر سعود ی عرب کے عوام اور سعودی حکومت کے نہایت شکر گزار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوج کا ظلم و ستم اور بھارتی ریاستی دہشت گردی تمام حدود کو عبور کر چکی ہے ۔ مقبوضہ وادی کے محصور اور مجبور عوام سعودی عرب سمیت پوری عالمی برادری سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ انسانیت کے ناطے اُن کے حق میں آواز بلند کریں گے اور بھارت کو ظلم و بربریت سے روک کر اپنا اخلاقی اور انسانی فریضہ انجام دیں گے ۔

صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ آزادی اور حق خود ارادیت کشمیریوں کا پیدائشی اور بنیادی حق ہے جسے بھارت سمیت دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں سے چھین نہیں سکتی ۔ حق خود ارادیت کے حصول کو بین الاقوامی برادردی نے بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی صورت میں تسلیم کر رکھا ہے ۔ اس لیے اس حق کو مانگنے کے جرم میں کشمیریوں پر مظالم بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور ریاستی دہشت گردی ہے جسے فی الفور بند ہونا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ اپنے جائز حق کے لیے کشمیریوں کی بے مثال جدوجہد اور بھارتی مظالم کے باوجود ان کے بلند حوصلے کشمیر کی جدوجہد آزادی کی کامیابی کی دلیل ہے ۔ کشمیری عوام اپنے حق کے لیے گزشتہ دو سو سال سے جدوجہد کر رہے ہیں ۔ بھارت نے گزشتہ 71 سال میں ظلم و جبر کے تمام حربے ازما کر دیکھ لیا کہ کشمیریوں کے عزم و حوصلے کو توپ و تفنگ سے مات نہیں دی جا سکتی ۔ صدر آزاد کشمیر نے بھارتی حکمرانوں سے کہا کہ وہ زمینی حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے تنازعہ کے پر امن سیاسی اور سفارتی حال کی تلاش کے لیے پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ بات چیت کا آغاز کریں تاکہ خطہ میں موجود عدم استحکام اور امن کو لاحق خطرات کو کم کیا جا سکے ۔