Live Updates

میاں اسلم اقبال کی جانب سے کھلی کچہری کا انعقاد،مسلسل تین گھنٹے تک لوگوں کے مسائل سنے

وزیراعظم کی مدبرانہ اور دیانتدارانہ قیادت کے باعث غیرملکی سرمایہ کاری پاکستان میں آرہی ہے‘صوبائی وزیر

پیر 18 فروری 2019 18:05

میاں اسلم اقبال کی جانب سے کھلی کچہری کا انعقاد،مسلسل تین گھنٹے تک ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہونے جارہا ہے۔وزیراعظم کی مدبرانہ اور دیانتدارانہ قیادت کے باعث غیرملکی سرمایہ کاری پاکستان میں آرہی ہے۔سرمایہ کاری کی ریل پیل سے پاکستان میں تجارتی اور معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

سابق حکمرانوں کی غلط معاشی پالیسیوں کے باعث قومی معیشت تباہ ہوئی اور عوام ان گنت مشکلات سے دوچار ہوئے۔عمران خان کی قیادت میں ملک معاشی بحران سے نکل رہا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب ملک معاشی طور پر پر مضبوط ہوگا اور عوام کو بنیادی سہولتیں گھروں کی دہلیز پر ملیں گی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار اپنے کیمپ آفس میں کھلی کچہری کے انعقاد کے دوران سائلین اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر نے تین گھنٹے تک مسلسل لوگوں کے مسائل سنے اور بعض شکایات کے ازالے کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سابق حکمرانوں کے نمائشی منصوبے قومی معیشت پر بوجھ ثابت ہورہے ہیں اور ان منصوبوںسے عوام کو ریلیف ملنے کی بجائے غربت اور بیروزگاری کے مسائل نے جنم لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 30سال کا بیگاڑ ایک دن میں ٹھیک نہیں ہو سکتا۔

عوام کو آج جو گوناگو مسائل کا سامنا ہے۔یہ سب سابق حکومتوں کے پیدا کردہ ہیں۔کھلی کچہری لگانے کا مقصد عوام کے مسائل فوری طور پر حل کرکے انہیں ریلیف کی فراہمی ہے۔انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری میں آنے والے سائلین کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ایسا نظام دے گی جس سے لوگوں کے مسائل سرکاری دفاتر میں ہی حل ہوں اور انہیں وزراء اور اراکین اسمبلی سے ملنے کی زحمت نہ اٹھانی پڑی۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے سرکاری دفاتر میں اوپن ڈور پالیسی پر بھی عمل پیرا ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات