Live Updates

سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے پاک سعودی عرب تعلقات میں مزید مضبوطی اور استحکام آیا ہے ‘طاہر محمود اشرفی

پاکستان اور سعودی عرب کو انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کیلئے مل کر جدوجہد کرنی ہے ‘چیئرمین پاکستان علماء کونسل

پیر 18 فروری 2019 18:34

سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے پاک سعودی عرب تعلقات میں مزید مضبوطی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے پاک سعودی عرب تعلقات میں مزید مضبوطی اور استحکام آیا ہے ، پاکستان اور سعودی عرب کو انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کیلئے مل کر جدوجہد کرنی ہے ، سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والی سعودی عرب پاکستان دشمن قوتیں ناکام ہوئی ہیں، سعودی ولی عہد کی محبتوں کی پاکستانی قوم شکر گزار ہے۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اسلام آباد میں ملکی اور غیر ملکی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد امیر محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان امت مسلمہ کی وحدت ، اتحاد اور عالم اسلام کے مسائل کے حل کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل تھا، پاکستان اور سعودی عرب کی قیادت فلسطین سے یمن تک اور لیبیا سے کشمیر تک کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں، سعودی ولی عہد کے دورہ سے دنیا پر یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کی سلامتی ، استحکام اور دفاع ایک ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے دشمن ایک ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عرب ممالک کے تعلقات میں بہتری کیلئے جنرل قمر جاوید باجوہ کی کوششیں قابل تحسین ہیں ، بطور سپہ سالار انہوں نے اپنی قوم اور ملک کیلئے جس طرح پاکستان اور عرب ممالک کے تعلقات کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا وہ کسی سے مخفی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران ، ہندوستان تعلقات پر پاکستان نے کبھی اعتراض نہیں کیا تو کسی کو بھی پاکستان سعودی عرب تعلقات پر اعتراض نہیں ہوناچاہیے ، سعودی عرب پاکستان کا دوست ، محسن اور عقیدتوں کا مرکز ہے ،سعودی عرب اور پاکستان کا رشتہ لازوال ہے اور کوئی بھی قوت پاک سعودی عرب تعلقات پر اثر انداز نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیدیوں کے معاملہ پر عمران خان نے اپنے دل کی آواز کو سعودی ولی عہد کے سامنے بیان کیا ہے، جس پر سعودی ولی عہد کی پاکستانی قوم شکر گزار ہے کہ انہوں نے دو ہزار سے زائدپاکستانی قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان کیا ہے اور پاکستانی قوم سعودی ولی عہدامیر محمد بن سلمان کی طرف سے پاکستانیوں کے مسائل کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کرتی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات