عمر اکمل کی 2 برس کے طویل عرصے کے بعد قومی ٹیم میں واپسی کا امکان

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بلے باز کی شاندار بیٹنگ نے مکی آرتھر کا دل مو ہ لیا، حارث رﺅف کی کارکردگی پر بھی نگاہ

muhammad ali محمد علی پیر 18 فروری 2019 21:19

عمر اکمل کی 2 برس کے طویل عرصے کے بعد قومی ٹیم میں واپسی کا امکان
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18فروری 2019ء) عمر اکمل کی 2 برس کے طویل عرصے کے بعد قومی ٹیم میں واپسی کا امکان، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بلے باز کی شاندار بیٹنگ نے مکی آرتھر کا دل مو ہ لیا، حارث رﺅف کی کارکردگی پر بھی نگاہ۔ تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ میں تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی پر بغور نظر رکھے ہوئے ہیں۔

گزشتہ روز انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حارث رﺅف نے بہت زیادہ متاثر کیا اور ان کی کارکردگی پر بھی خصوصی توجہ ہے۔ مکی آرتھر کے مطابق ایونٹ میں عمر اکمل بھی اچھا کھیل رہے ہیں اور ان کے کھیلنے کی صلاحیت پر کبھی کسی نے اعتراض نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز کی ٹیم پی ایس ایل کے اگلے مقابلوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اعتراف کیا کہ لاہورقلندرزکے باﺅلرز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بھی عندیہ دیا تھا کہ عمر اکمل اسی طرح کھیلتے رہے تو بہت جلد پاکستان ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔سرفراز احمد نے کہا کہ عمر اکمل بہت باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور انہوں نے ہمیشہ اپنی ٹیم کے لیے اچھی پرفارمنس دی ہے۔سرفراز احمد کے مطابق عمر اکمل اگر اسی طرح پرفارمنس دیتے رہیں تو وہ بہت جلد پاکستان ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ نوجوانوں کے پاس قومی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے پی ایس ایل اہم راستہ ہے۔سرفراز احمد نے کہا کہ اس وقت ہر کوئی پی ایس ایل کو دیکھ رہا ہے، تاہم امید ہے کہ پی ایس ایل میں شامل باصلاحیت نوجوان کھلاڑی اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے۔سرفراز احمد نے بتایا کہ اگر اس ایونٹ کے دوران کوئی نوجوان کھلاڑی اپنے ٹیلنٹ سے ابھر کر سامنے آتا ہے تو قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی اور انتظامیہ اسے قومی ٹیم میں شامل کرنے پر غور کر سکتی ہے۔