پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کردی

پاکستانی فنکاروں کیساتھ کام کرنیوالوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی، آل انڈیا سنے ورکرز ایسوسی ایشن موجودہ صورتحال میں ’ٹوٹل دھمال‘ کی پوری ٹیم نے فلم کو پاکستان میں ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،اجے دیوگن

پیر 18 فروری 2019 21:55

پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کردی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ حملے میں 45 سے زائد بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد انڈیا کی سینماء انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں اور دیگر تمام عملے پر مشتمل آل انڈیا سنے ورکرز ایسوسی ایشن نے پاکستانی فنکاروں اور اداکاروں پر مکمل طور پر پابندی لگانے کا اعلان کر دیا ہے۔ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستانی فنکاروں کیساتھ کام کرنیوالوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔

ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ ’پلوامہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں ، ایسوسی ایشن کی تمام ہمدردیاں ہلاک ہونے والے فوجیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔اعلامئے میں مزید لکھا گیا ہے کہ سرکاری طور پرفلم انڈسٹری میں تمام پاکستانی فنکاروں پر مکمل طور پر پابندی لگادی گئی ہے،اس پابندی کے باوجود اگر کوئی ادارہ پھر بھی پاکستانی فنکاروں کو کام دینا چاہے گا تو اس کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔

(جاری ہے)

بھارتی اداکار اجے دیوگن نے بھی اسی روش کو اپناتے ہوئے ٹوئٹر پر اعلان کیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ’ٹوٹل دھمال‘ کی پوری ٹیم نے فلم کو پاکستان میں ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔فلم ٹوٹل دھمال کی کاسٹ اور کریو نے ہلاک ہونے والے فوجیوں کے خاندانوں کیلئے 50 لاکھ روپے بھی دیئے ہیں۔