Live Updates

حکومت بھی ماضی کی حکومتوں کی طرح اختیارات اور وسائل کو نچلی سطح تک منتقل کرنے میں یکسر ناکام ہوگئی ہے، سید مصطفی کمال

پیر 18 فروری 2019 22:46

حکومت بھی ماضی کی حکومتوں کی طرح اختیارات اور وسائل کو نچلی سطح تک منتقل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) پاکستان میں عام آدمی کے حالات تب تک نہیں بدل سکتے جب تک اختیارات ڈسٹرکٹ اور یونین کونسل کی سطح تک منتقل نہیں ہو جاتے۔ موجودہ حکومت بھی ماضی کی حکومتوں کی طرح اختیارات اور وسائل کو نچلی سطح تک منتقل کرنے میں یکسر ناکام ہو گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے پاکستان آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنما اپنی انتخابی مہم میں لندن اور امریکہ میں رائج بلدیاتی نظام کی مثالیں دیا کرتے تھے اور یہ وعدہ کرتے تھے کہ وہ اختیار ملنے کے بعد فوری طور پر نچلی ترین سطح تک اختیارات اور وسائل منتقل کرنے والے جدیدترین بلدیاتی نظام کا نفاذ کریں گے لیکن وفاق اور تین صوبوں میں پی ٹی آئی کی حکومت ہونے کے باوجود اب تک نئے بلدیاتی نظام کا مسودہ بھی تیار نہیں کیا جا سکا جو انتہائی بدقسمتی کی بات ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس تمام تر صورتحال میں سندھ کے حالات سب سے زیادہ تشویشناک ہیں۔ یہاں نوکریوں، ملازمین کے تبادلے، پوسٹنگ اور فنڈز کے اجراء میں سندھ گورنمنٹ تاریخ کے بدترین تعصب کا مظاہرہ کر رہی ہے، جس کی واضح مثال حالیہ اسسٹنٹ کمشنرز کی تقرریوں میں ایک بھی اردو بولنے والے کا نہ ہونا ہے۔ کراچی، حیدرآباد اور سندھ کے دیگر شہری علاقوں کو حقوق کے حوالے سے یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے جبکہ دیہی علاقوں کا بھی کوئی پرسانِ حال نہیں ہے، تھر میں بچے غذائی قلت کی وجہ سے روز موت کے منہ میں جا رہے ہیں، تعلیمی ادارے، صحت کے مراکز اور سڑکیں تباہ حال ہیں۔

وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ تین صوبوں میں جدید بلدیاتی نظام رائج کر کے سندھ میں بھی اسے رائج کرائے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک حکمران عوام کو پاکستان کی تعمیر میں شراکت داری کا احساس (Sense of Participation) نہیں دیں گے اور انہیں انکی گلی، محلے کے بنیادی مسائل کے حل کا اختیار انکے منتخب نمائندے کے ذریعے انہیں نہیں دینگے تب تک لوگوں میں پاکستان کے لیے احساس ملکیت (Sense of ownership) نہیں آئے گی جس سے انہیں اپنی ذمے داریوں کا احساس بھی نہیں ہوگا اور ملک میں احساس محرومی پھیلے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات