شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے فنڈز سے نو تعمیر شدہ مرکزی دروازے کا افتتاح قائم علی شاہ نے کردیا

طلبہ و طالبات کو بہترین تعمیراتی اور تعلیمی سہولیات دینا ان کی ترجیحات میں شامل ہے، ڈاکٹر پروین شاہ

پیر 18 فروری 2019 22:46

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے فنڈز سے نو تعمیر شدہ مرکزی دروازے کا افتتاح نامور سیاستدان اور سابق وزیرِ اعلی سندھ سید قائم علی شاہ جیلانی نے ایک پروقار تقریب میں کیا۔ اس موقع پر وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے سید قائم علی شاہ کا یونیورسٹی آمد پر خیر مقدم کیا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اپنے طلبہ و طالبات کو بہترین تعمیراتی اور تعلیمی سہولیات دینا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اس منصوبے میں فنڈنگ کرنے پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس دروازے سے یونیورسٹی کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے یونیورسٹی کی سرپرستی کرنے پر سید قائم علی شاہ جیلانی کو سراہا اور فارمیسی شعبے کی رجسٹریشن کے مسئلے کے متعلق ان کو آگاہی دی۔

(جاری ہے)

اپنے کلیدی خطاب میں سید قائم علی شاہ جیلانی نے بطور وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی کو ترقیوں کی بلندیوں پر لے جانا ان کی پارٹی کا منشور ہے۔ انہوں نے وائیس چانسلر کو یقین دہانی کرائی کہ وہ فارمیسی شعبے کی رجسٹریشن کے مسئلے کے حل کیلئے متعلقہ حکام سے رابطہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ وزیرِ اعلی تھے تو انہیں نے صوبے میں ریکارڈ 11 یونیورسٹیاں قائم کی ہیں جو ہماری تعلیم دوستی کا واضح ثبوت ہے۔

اس موقع پر صدر ایمپلائیز ویلفیئر ایسوسی ایشن میر حسن میتلو نے سید قائم علی شاہ کو یونیورسٹی ہاسنگ سوسائٹی میں ترقیاتی کام کروانے کی بھی درخواست کی۔ علاوہ ازیں سید قائم علی شاہ نے وائیس چانسلر کے ہمراہ مرکزی دروازے کا افتتاح کیا۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی میں منعقد سالانہ فلاور شو کا بھی افتتاح کیا۔ یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ یہ سالانہ فلاور شو یونیورسٹی کے پلانٹیشن اور بیوٹیفیکیشن سیکشن کی جانب سے پروفیسر احسان علی سومرو کی ڈائریکٹر شپ میں منعقد کیا جارہا ہے۔ یہ فلاور شو پورے مہینے جاری رہے گا جس میں کیمپس، شہر اور گردونواح کے عوام کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔