پلوامہ واقعہ کے بھارتی پراپیگنڈا،چین نے بھارت کی حیلہ سازیوں کا سخت جواب دے دیا

بھارت پلوامہ واقعہ کا ذمہ دار پاکستان اور چین کو ٹھہرانے سے گریز کرے،چینی سرکاری میڈیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 18 فروری 2019 23:16

پلوامہ واقعہ کے بھارتی پراپیگنڈا،چین نے بھارت کی حیلہ سازیوں کا سخت ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 فروری 2019ء) :چینی سرکاری میڈیا نے بھارت کو انتباہ کیا کہ وہ پلوامہ واقعہ کا ذمہ دار پاکستان اور چین کو ٹھہرانے سے گریز کرے۔ تفصیلات کے مطابق پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے حسب روایت اپنی توپوں کا رخ پاکستان کی جانب کر دیا ہے۔بھارتی وزیر داخلہ نے پاکستان کو پلوامہ حملے کا ذمہ دار قرار دے دیا ۔اس موقع پر بھارت میں پاکستان کے خلاف خاصا ردعمل دیکھنے کو مل رہا ہے۔

اس حملے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان کو مکمل طور ہر ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے۔بھارت نے اس واقعے کے بعد راجستھان میں فضائی مشقیں کیں جس کے بعد پاکستان نے بھی ایل او سی ،مغربی و مشرقی بارڈر اور حساس تنصیبات پر ہائی الرٹ جاری کر دیا۔بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ کا کہنا تھا کہ پلوامہ حملے کا ذمہ دار پاکستان کی حمایت یافتہ تنظیم ہے اور ہم اس کا بھرپور بدلہ لیں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی جنگی جنون میں مبتلا ہو کر پاکستان کو دھمکیاں دینا شروع کر دی ہیں۔نریندر مودی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے اب مذاکرات کے راستے بند ہو چکے ہیں صرف کاروائی کا وقت باقی ہے۔ اس موقع پر بھارتی میڈیا بھی بڑھ چڑھ کر بھارت کے خلاف نفرت پھیلانے میں پیش پیش ہے۔بھارتی میڈیا نہ صرف پاکستان پر بلکہ چین پر بھی الزامات لگانے پر تلا ہوا۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ پلوامہ واقعے میں ملوث مجاہدین کے سربراہ کانام عالمی دہشتگردوں کی فہرست میں چین کی وجہ سے داخل نہیں ہو سکا۔اس پر چینی سرکاری میڈیا نے ان بے جوڑ الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اقوام متحدہ میں مسعود اظہر کے خلاف ٹھوس شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا اور اب ملبہ چین پر ڈال رہا ہے۔ اسی طرح بھارت نے بغیر تصدیق کے ایک بار پھر پلوامہ حملے کا الزام پاکستان پرعائد کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ اپنی پالیسی اور سیکیورٹی کی کمزوریوں کو درست کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا ۔

دوسری جانب پاکستان نے بھی بھارتی پراپیگنڈا کا منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط لکھ رہا ہوں۔انکا کہنا تھا کہ میں خط میں لکھوں گا کہ بھارت جو کچھ کر رہا ہے،ٹھیک نہیں کر رہااور بھارت یہ سب کچھ صرف سیاسی مقاصداور انتخابات کیلیےکررہاہے۔انکا کہنا تھا کہ بھارت نے جارحانہ رویہ اختیار کیا ہوا ہے۔بھارت میں مسلمانوں پرحملےہو رہےہیں،یہ انتہاپسندی ہے۔