جدہ: صارفین کو مفت بجلی کی سہولت کی خبر کے حوالے سے وضاحت سامنے آ گئی

SEOنے ایک ماہ مفت بجلی کی سہولت اور دیگر رعایات کی خبر کو غلط قرار دے دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 19 فروری 2019 10:52

جدہ: صارفین کو مفت بجلی کی سہولت کی خبر کے حوالے سے وضاحت سامنے آ گئی
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19فروری 2019ء ) گزشتہ چند روز سے سعودی عرب میں مقیم مُلکی و غیر مُلکی افراد اس خبر پر بہت خوش تھے کہ اگر وہ مسلسل 36 ماہ تک اپنے بجلی کے بِل بروقت ادا کریں گے تو ایسی صورت میں اُنہیں ایک ماہ مفت بجلی کی سہولت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ بروقت بل ادائیگی کرنے والوں کو دیگر انعامات دینے کا بھی اعلان سامنے آیا تھا۔ تاہم سعودی بجلی کمپنی کی جانب سے اس سارے معاملے پر وضاحت سامنے آ گئی ہے۔

سعودی بجلی کمپنی SEO نے کہا ہے کہ مختلف ذرائع ابلاغ میں مفت بجلی کے حوالے سے شائع ہونے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ بجلی کمپنی کی جانب سے بروقت صارفین کو ایک ماہ مفت بجلی اور دیگر رعایتیں دینے کے حوالے سے کوئی تجویز زیر غور نہیں۔ ذرائع ابلاغ کو چاہیے کہ وہ کمپنی کے حوالے سے خبریں مستند ذرائع سے حاصل کریں۔

(جاری ہے)

بجلی کمپنی کے اس وضاحتی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بجلی کمپنی اپنے صارفین کو خدمات کی فراہمی کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے ہمہ دم کوشاں ہے۔

کوئی بھی فلاحی منصوبہ جب زیر غور ہو تو اُسے میڈیا پر نہیں لایا جاتا، البتہ جب ماہرین کسی رعایتی پیکیج کو قابلِ عمل پا کر اس کی منظوری دے دیتے ہیں، تب کمپنی اپنے انتظامیہ اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور دیگر معتبر ذرائع سے اس کا اعلان کرتی ہے۔ واضح رہے کہ میڈیا پر ایسی خبریں شائع ہوئی تھیں کہ وقت پر بِل ادا کرنے والے صارفین کو بِلوں کی رقم میں خاص رعایت دینے پر غور ہو رہا ہے۔

اس تجویز کے تحت جو صارفین کم از کم 36 ماہ تک یا پھر زیادہ سے زیادہ 60 ماہ مسلسل تک اپنا بل بروقت ادا کریں گے۔ وہ اس خصوصی رعایت سے فائدہ اُٹھا سکیں گے۔ بروقت بجلی کے بِلوں کی ادائیگی کرنے والوں کو مختلف انعامات سے نوازا جائے گا۔ جبکہ لمبے عرصے تک بروقت بِل ادا کرنے والے صارفین کو ایک ماہ مفت بجلی کی سہولت فراہم کی جائے گی، اس کے علاوہ بِل کی رقم میں بھی خصوصی رعایت دی جائے گی۔