سعودیہ میں پاکستانی پاسپورٹ فیس میں کمی پر آج سے عملدر آمد شروع

فیس میں کمی کے بعد پانچ سال کے نارمل پاسپورٹ کی فیس 98 ریال ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 19 فروری 2019 11:44

سعودیہ میں پاکستانی پاسپورٹ فیس میں کمی پر آج سے عملدر آمد شروع
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19فروری 2019ء ) سعودی عرب میں پاکستانیوں کے لیے پے در پے خوشی بھری خبریں آ رہی ہیں۔ ایک طرف سعودی ولی عہد نے پاکستان کے حالیہ دورے کے دوران جہاں مختلف ویزوں کی فیس میں شاندار کمی کر دی ہے۔ وہاں سعودی عرب میں قائم پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے مملکت میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کو بھی شاندار خبر سُنا دی گئی ہے۔

اس نئی خبر کے تحت پاکستانی سفارت خانے نے پاکستانی پاسپورٹ کی فیسوں میں شاندار کمی کر دی ہے۔

(جاری ہے)

پاسپورٹ سیکشن کے مطابق پانچ سال کے لیے نارمل پاسپورٹ بنوانے کی صورت میں فیس135 ریال سے کم کر کے 98 ریال مقرر کی گئی ہے، جبکہ دس سال کے لیے نارمل پاسپورٹ بنانے کی صورت میں فیس 175 ریال وصول کی جائے گی۔ اسی طرح پانچ سال کی مُدت کا ارجنٹ پاسپورٹ بنوانے کے لیے اب 240 ریال کی بجائے صرف 175 ریال ادا کرنا ہوں گے۔

اور دس سال کا کا ارجنٹ بنوانے کے لیے 292 ریال وصول کیے جائیں گے۔ سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے پاسپورٹ فیسوں میں کمی کے اعلان پر سعودیہ میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں نے سوشل میڈیا پر حکومت پاکستان اور سعودیہ میں پاکستان کے تعینات سفیر راجا اعجاز کا بے حد شکریہ ادا کیا ہے اور اسے عوامی فلاح پر مبنی احسن اقدام ٹھہرایا ہے۔