Live Updates

حکومت کی دن رات کی محنت اور مثبت اقدامات سے دم توڑتی معیشت کی سانسیں بحال ہورہی ہیں‘ جمشیدچیمہ

مشترکہ ورکنگ گروپس کا قیام سعودیہ پاک معاہدوں کی عملی تکمیل کیلئے پیشرفت کا ذریعہ ثابت ہوں گے سعودی ولی عہد کے دور ے میں زراعت کی ترقی کیلئے بھی سرمایہ کاری اور تعاون کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے

منگل 19 فروری 2019 12:10

حکومت کی دن رات کی محنت اور مثبت اقدامات سے دم توڑتی معیشت کی سانسیں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران کی قیادت میں ان کی ٹیم کی دن رات کی محنت اور مثبت اقدامات کی وجہ سے دم توڑتی معیشت کی سانسیں بحال ہونا شروع ہو گئی ہیں،مشترکہ ورکنگ گروپس کا قیام سعودی عرب او رپاکستان کے درمیان طے پانے والے معاہدوں کی تکمیل کیلئے پیشرفت کا ذریعہ ثابت ہوں گے،انشا اللہ وہ وقت دور نہیں جب دنیا میں سبز پاسپورٹ کی اہمیت ہو گی اور اسے عزت کی نگا ہ سے دیکھا جائے گا ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوںنے ملک کی بہتری کیلئے عملی اقدامات کے برعکس جھوٹی تشہیر پر توجہ مرکوز رکھی ۔ گزشتہ پانچ سالوںمیں ہرماہ کرپشن کا ہوشربا سکینڈل سامنے آتا تھا لیکن آ ج حکومت کو آئے ہوئے چھ ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر گیا ہے اور حکومت کی سطح پر کرپشن کا کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم عمران خان کا واضح موقف ہے کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی اوراسی عزم سے ملک ترقی کی منازل طے کرے گا۔

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان دور اندیش لیڈرہیں اور دنیا بھر میں ان کے اصلاحاتی ایجنڈے کوسراہا جارہا ہے ۔ وزیر اعظم کی قیادت میںان کی اقتصادی ٹیم معیشت کی بحالی کیلئے دن رات کوشاں ہے جس کے نتائج بھی سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں ۔ اپوزیشن حکومت کی کامیابیوںکی وجہ سے بوکھلا کر بے بنیاد پراپیگنڈا کررہی ہے جس کا مقصدصرف اپنی سیاست کی ڈوبتی کشتی کو بچانا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج معتبر بین الاقوامی ادارے بھی پاکستان کے درست سمت میںگامزن ہونے کا عندیہ دے رہے ہیںجو پوری قوم کے لئے خوشی اور اطمینان کا باعث ہے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت زراعت کی ترقی کیلئے بھی اقدامات تجویز کر رہی ہے اور سعودی ولی عہد کے حالیہ دور ے میں زراعت کی ترقی کیلئے بھی سرمایہ کاری اور تعاون کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات