شہباز شریف کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد ،

(ن) لیگ کے صدرکا اقدام کیخلاف عدالت سے رجوع کئے جانیکا امکان وزارت داخلہ کی ہدایت پر نام عبوری قومی شناختی فہرست میں ڈال دیا گیا ،آئندہ 30 روز کے دوران بیرون ملک نہیں جاسکیں گے نام ای سی ایل پر ڈالنے کیلئے سمری تیار ،وفاقی کابینہ کو بھیجی جائیگی،شہباز شریف لندن میں زیر علاج اپنی نو مولود پوتی کی عیادت کیلئے جانا چاہتے تھے

منگل 19 فروری 2019 12:58

شہباز شریف کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد ،
اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2019ء) مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس کے پیش نظر ان کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کردی گئی ۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ وزارت داخلہ کی ہدایت پر شہباز شریف کا نام عبوری قومی شناختی فہرست میں ڈال دیا گیا ہے جس کے بعد وہ آئندہ 30 روز کے دوران بیرون ملک نہیں جاسکیں گے۔

عبوری قومی شناختی فہرست میں شامل افراد کے 30 دن کے لیے بیرون ملک جانے پر پابندی ہوتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ پر ڈالنے کے لیے سمری تیار کرلی ہے جو وفاقی کابینہ کو بھیجی جائے گی۔ذرائع کے مطابق شہبازشریف کا نام ای سی ایل پر ڈالنے تک عبوری قومی شناختی فہرست میں رہے گا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل نیب نے 15 فروری کو شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک شہزاد احمد کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں 14 فروری کو 2 کروڑ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔ یہ اطلاعات تھیں کہ شہباز شریف لندن میں زیر علاج اپنی نومولودپوتی کی عیادت کے لئے لندن جا نے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی جانب سے نیب کے اس اقدام کے خلاف عدالت سے رجوع کئے جانے کاامکان ہے ۔