پی ایس ایل میں سامنے آنے والا ٹیلنٹ متاثر کن ہے :گریم سمتھ

نوجوان کھلاڑیوں کو پرفارم کرتے دیکھنا شاندار تجربہ ہے:سابق جنوبی افریقی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 19 فروری 2019 12:46

پی ایس ایل میں سامنے آنے والا ٹیلنٹ متاثر کن ہے :گریم سمتھ
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19فروری 2019ء) جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان گریم سمتھ نے پاکستان سپر لیگ کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے ، کہتے ہیں کہ ایونٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کو پرفارم کرتے دیکھنا شاندار تجربہ ہے۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ویب سائٹ کو انٹرویو میں جنوبی افریقا کے سابق کپتان گریم سمتھ کا کہنا تھا کہ اے بی ڈی ویلیئرز کی جانب سے پی ایس ایل میں شرکت اور پاکستان میں کھیلنے کا فیصلہ بڑا خوش آئند ہے، اس اقدام سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں مدد ملے گی، پاکستان کے نوجوان پلیئرز کو اے بی ڈی ویلیئرز سمیت دیگر سپر سٹارز کے ساتھ کھیلتے ہوئے بہت کچھ سیکھنے اور اپنی کارکردگی بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔

گریم سمتھ نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں پاکستان کرکٹ ٹیم ناکامیوں کے باوجود ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لئے کوشاں نظر آئی، خاص طور پر بابراعظم اور شاہین شاہ آفریدی نے بہت متاثر کیا،آنے والا وقت ان کیلئے بہت اچھا ہوگا،یہ پاکستانی کرکٹ کا مستقبل ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان میں باﺅلنگ ٹیلنٹ کی کبھی کمی نہیں رہی ہے اور پی ایس ایل میں بھی تمام باﺅلرز اپنی مہارت کا بھرپور مظاہرہ کر رہے ہیں، امید ہے کہ اس ایونٹ سے پاکستان کرکٹ کی قوت میں مزید اضافہ ہوگا، مضبوط پاکستانی ٹیمیں انٹرنیشنل کرکٹ کے مستقبل کے لیے بھی خوش آئند ہیں۔