کالا علم سیکھنے کے شوقین چچا نے بھتیجے کو اینٹیں مار مار کر قتل کر دیا

ملزم کالا علم سیکھ رہا تھا بعض اوقات وہ بہت غلط باتیں بھی کرتا تھا، کالے علم کی وجہ سے ملزم کی سرگرمیاں بھی مشکوک رہتی تھیں۔ اہلِ محلہ کا الزام

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 19 فروری 2019 12:50

کالا علم سیکھنے کے شوقین چچا نے بھتیجے کو اینٹیں مار مار کر قتل کر دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 فروری2019ء) کالا علم سیکھنے کے شوقین چچا نے موکل قابو کرنے کے لیے آٹھ سالہ بھتیجیے کی جان لے لی۔بچے کی لاش چچا کی نشاندہی پر نواحی گاؤں گوندلاوالا سے برآمد کر لی گئی۔قومی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق تھانہ ماڈل ٹاؤن کے علاقے ڈوبن پورہ کا رہائشی فضل الرحمن کا آٹھ سالہ بیٹا قربان علی گھر سے مغرب کی نماز پڑھنے کے لئے گیا جس کے بعد اس کا کچھ پتہ نہیں چلا۔

پولیس نے شک ہونے پر بچے کے حقیقی چچا سلمان اشرف کو حراست میں لیا جس نے بچے کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا۔ملزم نے پولیس کو بتایا کہ اس نے اینٹیں مار مار کر بچے کو قتل کیا اور اس کی لاش کو نواحی گاؤں میں دفنا دیا۔بعد ازاں ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے بچے کی لاش برآمد کرلی۔

(جاری ہے)

بچے کی لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔اہل خانہ بچے کی لاش دیکھ کر زار و قطار روتے رہے۔

مقتول بچے کے والد فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے کو میرے چھوٹے بھائی نے قتل کیا ہے مجھے پولیس سے انصاف کی امید ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میرا بھائی کالا علم سیکھ رہا تھا بعض اوقات وہ بہت غلط باتیں بھی کرتا تھا اہل محلہ نے کہا کہ کالے علم کی وجہ سے ملزم کی سرگرمیاں بھی مشکوک رہتی تھی لیکن مجھے معلوم نہیں تھا کہ وہ اس حد تک چلا جائے گا۔

واضح رہے اس سے قبل بھی ایسے کئی واقعات پیش آئے ہیں جس میں جادو کے لیے اپنے ہی رشتہ داروں کا قتل کر دیا جاتا ہے۔ ملتان میں قدیمی مندر میں کالے جادو کا عمل کرنے والے عامل کو نامعلوم افراد نے قتل کر کے لاش درخت پر لٹکا دی تھی۔کالا جادو کرتے ہوئے لوگوں کا خون بھی سفید ہو جاتا ہے یہی وجہ ہے کالا علم سیکھنے والے کو یہ نظر نہیں آیا کہ وہ جس کا قتل کر رہا ہے وہ معصوم سا بچہ ہے اور اس کا اپنا بھتیجہ ہے۔