بھارت پلوامہ میں اپنی افواج کی تباہی کا دُکھ نہتے شہریوں پر نہ نکالے‘شاہ غلام قادر

جموں میں مسلمانوں کی گاڑیوں کہ نذر آتش کرنے اور نہتے شہریوں کی پکڑ دھکڑ کی مذمت کرتے ہیں‘سپیکر قانون ساز اسمبلی

منگل 19 فروری 2019 14:36

بھارت پلوامہ میں اپنی افواج کی تباہی کا دُکھ نہتے شہریوں پر نہ نکالے‘شاہ ..
مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2019ء) آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ بھارت پلوامہ میں اپنی افواج کی تباہی کا دُکھ نہتے شہریوں پر نہ نکالے ۔ جموں میں مسلمانوں کی گاڑیوں کہ نذر آتش کرنے اور نہتے شہریوں کی پکڑ دھکڑ کی مذمت کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ آزادی کا حق مانگنے والے مقبوضہ کشمیر کے باشندوں پر بلاجواز مظالم کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

پاکستان پر الزامات کی کوئی حیثیت نہیں۔ بھارت کو سفارتی آداب کا خیال رکھنا چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ کشمیر سے اپنی افواج غیر مشروط طور پر واپس بلائے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ریاست جموں و کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دے۔ شاہ غلام قادر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی چھوٹی سی وادی میں8لاکھ افواج اور سیکیورٹی فورسز کی تعیناتی کرنا ظُلم و جبر کا نظام زیادہ دیر تک نہیں چل سکتا۔

(جاری ہے)

سپیکر اسمبلی نے کہا کہ بھارتی افواج کا مقابلہ پتھروں اور نہتی جانوں سے ہو رہا ہے۔ بھارتی فوج کو شرم آنی چاہیے کہ شکست کے باوجود بلاجواز الزامات پاکستان پر لگائے جا رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان خلوص نیت کے ساتھ دو ٹوک پالیسی رکھتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پُرامن حل نکل جائے تو پور ا خطہ نہ صرف امن کا گہوارہ بن جائے گا بلکہ خطے کے عوام خوشحالی کی منازل طے کر سکیں گے۔