ْپی ایس ایل سے پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ بہتر ہوئی ہے، نیا ٹیلنٹ سامنے آرہاہے ،وقار یونس

شاہین آفریدی سے بہت متاثر ہوا ہوں ،پاکستان کو فرسٹ کلاس کرکٹ پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے، سابق ہیڈ کوچ کا انٹرویو

منگل 19 فروری 2019 16:26

ْپی ایس ایل سے پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ بہتر ہوئی ہے، نیا ٹیلنٹ سامنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2019ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان سپر لیگ کی دفاعی چمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے ڈائریکٹر وقاریونس نے کہا ہے کہ لیگ نے پاکستانی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو بہتر کیا ہے اور مسلسل نیا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے۔ایک انٹرویومیں وقاریونس نے کہا کہ میرے خیال میں اگر آپ مختصر طرز کو دیکھیں تو محسوس ہوگا کہ اس میں اہم بہتری آئی ہے جس کی بنیادی وجہ پی ایس ایل ہے۔

انہوںنے کہاکہ پی ایس ایل نے پاکستان کو نیا ٹیلنٹ دیا اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس کو عروج پر پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے ہرسیزن میں نیا ٹیلنٹ سامنے آیا اور اسلام آباد یونائیٹڈ سے بھی چند اچھے کھلاڑی ملے ہیں۔قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی سب سے بڑی مثال ہیں جو ایک اسٹار ہیں اور پی ایس ایل میں میچور ہوئے ہیں اور میں ان سے بہت متاثر ہوا ہوں۔

(جاری ہے)

وقاریونس نے کہا کہ پی ایس ایل سے کھلاڑیوں کی دریافت کے بعد ان کی تربیت کے لیے پی سی بی کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے اور لیگ سے انڈر 19 کھلاڑی ابھر کر آرہے ہیں۔پی ایس ایل سے ابھرنے والے نئے کھلاڑیوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ نئے کھلاڑی پاکستان کا مستقبل ہے، فرنچائزوں نے انہیں موقع دیا اور فرنچائز جیتنا چاہتی ہیں تاہم وہ کھلاڑیوں کی تربیت بھی کرتی ہیں جس کے بعد پی سی بی باری آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو فرسٹ کلاس کرکٹ پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے تاہم پی ایس ایل کو کامیابی قرار دیتے ہوئے انہوںنے کہاکہ جو نظر آرہا ہے وہ اچھا ہے، اچھا محسوس ہورہا ہے اور نتیجہ بھی اچھا مل رہا ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے ڈائریکٹر نے کہا کہ ہماری زیادہ توجہ پی ایس ایل پر ہے اور ہمیں اسی طرح فرسٹ کلاس پر بھی توجہ دینی ہے، مجھے سننے کو مل رہا ہے کہ تبدیلیاں آرہی ہیں، اسپانسرز ریجن کے ساتھ مل رہے ہیں اس لیے ہوسکتا ہے اگلے چند برسوں میں ہمیں کچھ تبدیلیاں نظر آئیں اور ہم پی ایس ایل کی طرح ٹیسٹ کے لیے بھی کھلاڑی متعارف کروانا شروع کریں گے۔

ایک سوال پروقار یونس نے کہا کہ اس وقت یہ تین سرفہرست لیگز میں شامل ہے، آئی پی ایل پہلے نمبر پر ہے اس میں کوئی شک نہیں تاہم پی ایس ایل بڑی اور بہتر ہورہی ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ اس کو مکمل طور پر پاکستان میں کروا دیا جائے۔وقاریونس نے کہا کہ جب ایک مرتبہ مکمل طور پر پاکستان میں ہوئی تو یہ سب سے بڑی لیگ بن جائے گی، اس مرتبہ پاکستان میں 8 میچ ہوں گے، اگلے سال ہوسکتا ہے آدھے میچز پاکستان میں ہوں۔انہوں نے کہا کہ چیزیں آگے بڑھ رہی ہیں اور اگلے تین برسوں میں پاکستان میں مکمل لیگ ہوگی۔