Live Updates

سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں ‘لیاقت بلوچ

پاکستانی منتظر ہیں کہ حج عمرہ پر اضافہ فیس اور دو ہزار ریال کا بھی خاتمہ کیا جائے گا‘سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

منگل 19 فروری 2019 16:33

سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2019ء) جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد کا دورہ بہت اہم تھا ۔ سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کا اعلان اچھاہے ، اس کا خیر مقدم کرتے ہیں ، پاکستانی منتظر ہیں کہ حج عمرہ پر اضافہ فیس اور دو ہزار ریال کا بھی خاتمہ کیا جائے گا ۔

منصورہ میں دیر لوئر کے وکلا وفد اور جامعہ عروة الوثقیٰ کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت نے سعودی ولی عہد سے 49 فیصد عوام کی نمائندہ اپوزیشن قیادت کو دور رکھ کر پاکستان کی اہمیت کو کمزور کردیاہے یہ انتہائی غیر جمہوری رویہ ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ بھارتی دھمکیوں کو سنجیدگی سے لیا جائے ۔

(جاری ہے)

بھارتی انتخابی سیاست بڑی کشیدگی کا شکار ہے ۔

نریندر مودی ڈوبتے انتخابی بیڑا کو سہارا دینے کے لیے کوئی بھی حماقت کر سکتاہے ۔ پوری قوم ہندوستانی حماقت اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے ۔ حکومت ملک کے اندر بکھرے شیرازہ کو منظم کرے ، ہر کام فوج کے حوالے نہ کیا جائے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ 22 کروڑ عوام کی غالب اکثریت اسلام سے محبت اور اپنے مسائل کا حل تسلیم کرتی ہے ۔ تمام مسالک سے وابستہ محبان دین اللہ کی توحید ، رسول ؐکی ختم نبوت ، اہل بیت اور صحابہ کرام ؓ کی عظمت و محبت اور والہانہ عقیدت رکھتے ہیں ۔

اسلامیان پاکستان اصولوں کی بنیاد پر صاف ستھری اہل اور دیانتدار قیادت کے لیے متحد ہو جائیں تو نااہل اور کرپٹ ٹولوں سے جان چھوٹ جائے گی ۔ قرض ، کرپشن اور کشکول کی معیشت نہیں خود انحصاری ، قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم ہی استحکام اور خوشحالی کی ضامن ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات