Live Updates

پنجاب اسمبلی کا اجلاس،علیم خان، خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈرجاری

اسپیکر چودھری پرویزالٰہی نے پروڈکشن آرڈر جاری کیے، اسمبلی کے استحکام کیلئے جدوجہد بطوراسپیکر میری ذمہ داری ہے، چودھری پرویزالٰہی کی پی ٹی آئی رہنماء شوکت بسرا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 19 فروری 2019 17:17

پنجاب اسمبلی کا اجلاس،علیم خان، خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈرجاری
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 فروری2019ء) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے پی ٹی آئی رہنماء علیم خان اور ن لیگ کے خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈرجاری کردیے گئے، دونوں کے پروڈکشن آرڈر اسپیکر چودھری پرویزالٰہی نے جاری کیے، انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے استحکام کیلئے جدوجہد بطوراسپیکر میری ذمہ داری ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے نیب کے زیرتحویل دو ارکان اسمبلی عبدالعلیم خان اور خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈرز جاری کر دئیے ہیں۔

خواجہ سلمان رفیق کا تعلق ن لیگ سے ہے جبکہ عبدالعلیم خان سینئر صوبائی وزیر تھے۔ اسپیکر نے قواعد و انضباط کار پنجاب اسمبلی کے تحت یہ احکامات انہیں 20 فروری 2019ء سے شروع ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے جاری کئے ہیں۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی کے چیئرمین نیب کو تحریری احکامات میں کہا گیا ہے کہ دونوں ارکان اسمبلی کو 20 فروری صبح 9 بجے اسمبلی چیمبر میں پیش کیا جائے۔

اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بطور سپیکر، اسمبلی کے استحکام کیلئے جدوجہد کرنا میری ذمہ داری ہے جس کیلئے میں دل و جان سے کوشاں رہوں گا۔ دریں اثناء سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے تحریک انصاف کے رہنما شوکت بسرا نے بھی منگل کو ملاقات کی جس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ واضح رہے سابق صوبائی وزیر علیم خان پی ٹی آئی کے رہنماء ہیں۔

علیم خان پر آف شور کمپنیوں اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ علیم خان جسمانی ریمانڈ پر نیب کی حراست میں ہیں۔ اسی طرح پیراگون ہائوسنگ کیس اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں ن لیگی رہنماء خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق بھی نیب کے پاس زیر تفتیش ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات