چیئرمین پیمرا کی پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن اور کیبل آپریٹرز کے وفود سے ملاقات، انڈسٹری کو درپیش تمام مسائل کو حل کرنے کا عزم

منگل 19 فروری 2019 19:11

چیئرمین پیمرا کی پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن اور کیبل آپریٹرز ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2019ء) چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے کراچی میں پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی ای) اور کیبل آپریٹرز کے وفود سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میںچیئرمین پیمرا نے میڈیا انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔چیئرمین پیمرا نے اسٹیک ہولڈرز بشمول پیمرا ، پی بی اے اور کیبل آپریٹرز پر مشتمل ایک کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا، یہ کمیٹی بہتر طور پر انڈسٹری کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے ممکنہ حل کیلئے سفارشات مرتب کرے گی جو کہ اتھارٹی کے سامنے پیش کئے جائیں گے۔

انڈین مواد سے متعلق سپریم کورٹ کے تاحال فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانے پر تمام ٹی وی چینلز اور کیبل آپریٹرزکے تعاون کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ رفاع عامہ کے ایسے پیغامات جو معاشرے میں آگاہی پیدا کرنے میں کارآمد ہیںجیسا کہ ڈیم فنڈز، صاف و سرسبز پاکستان اور ٹریفک قوانین سے متعلق پیغامات کو زیادہ سے زیادہ نشر کریں تاکہ ایک ذمہ دار معاشرہ عمل میں لایا جا سکے۔

کیبل آپریٹرزکے وفد نے پیمرا ریجنل آفس میں ملاقات کے دوران انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ تمام کیبل نمائندگان نے انڈین چینل اور انڈین مواد کی بندش کے سلسلے میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی۔ تاہم سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر انڈین مواد کی فراہمی پر تحفظات کا اظہار کیا جو کہ قانونی کاروبار کو ناقابلِ تلافی نقصان کا مؤجب بن رہا ہے۔

چیئرمین پیمرا نے کیبل آپریٹرز کے تمام جائز مطالبات پر نظرثانی کرنے اور مناسب اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ چیئرمین پیمرا نے کیبل آپریٹرز اور اتھارٹی کے مابین باہمی روابط کو سراہااور اس عزم کا اظہارکیا کہ کیبل بزنس کے تحفظ کیلئے اتھارٹی ہر ممکن تعاون کرے گی اور قانون کے تحت تمام جائز مطالبات پورے کیے جائیں گے۔ اس موقع پرانہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 19کے تحت ہر پاکستانی شہری کو آزائ رائے کا مکمل حق حاصل ہے۔

آئین کی رُو سے صحافتی آزادی میں بھی چند حدودوقیودمتعین ہیں جو کہ چند بنیادی اُصولوں اور قوانین کی پابند ہیں جس کے تحت کچھ مروجہ قوانین کی پاسداری کرناضروری ہے۔ چیئرمین پیمرا نے غیر قانونی ڈی ٹی ایچ اور انڈین چینلز / موادسے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات اور اس سلسلے میں جاری آپریشن سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں کہاکہ وہ اپنے کاروبار کو تمام غیر قانونی سرگرمیوں سے پاک کریں ورنہ پیمرا جلد آپریشن کا دائرہ کار بڑھا دے گی اور کسی بھی طور غیر قانونی عمل کی اجازت نہیں ہو گی تاہم انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل کا یقین دلایا۔

چیئرمین پیمرا نے انٹرنیٹ پر انڈین مواد کی فراہمی سے متعلق تحفظات کے سدِباب کیلئے پی ٹی اے کے ساتھ لائحہ عمل بنانے کا یقین دلایا۔ اس ملاقات میں ان کے ساتھ ریجنل منیجر اشفاق جمانی، جنرل منیجر (آپریشنز/میڈیا و تعلقاتِ عامہ) محمد طاہر اور سیکریٹری اتھارٹی فخرالدین مغل بھی موجود تھے۔