ریونیو کو بہتر کئے بغیر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے نظام کو چلانا مشکل ہے،میئر کراچی

بلدیہ عظمیٰ کراچی کو درپیش بجٹ شارٹ فال کو پورا کرنے کے لئے زیادہ کوششوں کی ضرورت ہے،وسیم اختر

منگل 19 فروری 2019 19:11

ریونیو کو بہتر کئے بغیر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے نظام کو چلانا مشکل ہے،میئر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2019ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ریونیو کو بہتر کئے بغیر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے نظام کو چلانا مشکل ہے لہٰذا ریونیو افسران ریکوری بہتر بنانے کے لئے مزید اقدامات کریں، بلدیہ عظمیٰ کراچی کو درپیش بجٹ شارٹ فال کو پورا کرنے کے لئے زیادہ کوششوں کی ضرورت ہے، مرکز اسلامی اور لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس کو قابل استعمال بنایا جائے تاکہ عوام کو ان منصوبوں سے فائدہ ہو، ان خیالات کااظہار انہوں نے محکمہ جاتی سربراہان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، مشیر مالیات ڈاکٹراصغر عباس شیخ اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی وسیم اختر نے ہدایت کی کہ ریکوری سے متعلق محکموں کے افسران کوششوں کو تیز کریں اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ریونیو میں اضافہ کریں ہر ماہ ریونیو افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور یہ دیکھا جائے گا کہ کن محکموں نے اپنے اہداف حاصل کئے ہیں تاکہ اس ضمن میں مزید ضروری اقدامات عمل میں لائے جائیں، ریکوری کی صورتحال کو بہتر بنائے بغیر مالی استحکام حاصل نہیں کیا جاسکتا، محکمہ جاتی افسران اس حوالے سے تجاویز دیں اور دی گئیں ہدایات پر فوری عملدرآمد یقینی بنائیں، انہوں نے کہا کہ مرکز اسلامی شہر کا اہم ترین منصوبہ ہے مگر بد قسمتی سے ابھی تک شہریوں کو اس سے فائدہ نہیں ہورہا لہٰذا اس منصوبے کو فوری طور پر قابل استعمال بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ لانڈھی کورنگی اور ملحقہ علاقوں کے نوجوانوں کو کھیلوں کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے بنائے گئے لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس کے منصوبے کو بھی بہتر طریقے سے استعمال میں لایا جائے اور اس کے لئے تیز ترین اقدامات کئے جائیں تاکہ اس منصوبے کی افادیت سامنے آئے، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کشمیر روڈ سمیت بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام فلاحی منصوبوں اور اسپورٹس کمپلیکسز میں تجارتی سرگرمیوں پر پابندی ہے اگر اس سلسلے میں کوئی شکایت موصول ہوئی تو متعلقہ محکمہ جاتی سربراہ کے خلاف کارروائی ہوگی جبکہ چائنا گرائونڈ میں پارک تعمیر کرنے کے لئے پی سی ون تیار کیا جائے، انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر کی چار دیواری کی تعمیر اور سیوریج کی نکاسی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے فوری کام شروع کیا جائے تاکہ یہاں آنے والے شہریوں اور ان کی فیملی کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے، چڑیا گھر شہر کی اہم تفریح گاہ کا درجہ رکھتی ہے لہٰذا اسے خوب سے خوب تر بنانے پر کام جاری رکھا جائے، اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے چڑیا گھر کی اندرونی سڑکوں اور پنجروں کی حالت زار پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ چڑیا گھر کی اندرونی سڑکوں کی تعمیر اور فٹ پاتھوں کی مرمت کے کام کو فوری طور پر شروع کیا جائے، سفید شیر کے پنجرے کے شیشے کی تبدیلی اور دیگر جانوروں اور پرندوں کے پنجروں کی مرمت کے لئے بھی فوری اقدامات کئے جائیں، انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ریونیو ریکوری کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو ہرممکن بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں تاکہ ادارے کی کارکردگی بہتر ہوسکے۔