لیاقت جتوئی نے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا

منگل 19 فروری 2019 21:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 فروری2019ء) سابق وزیراعلٰی سندھ لیاقت جتوئی نے نیب کی سفارش پر نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ اختیارات کے غلط استعمال کے نیب ریفرنس میں سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کے شریک ملزم ہیں۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعلی سندھ لیاقت جتوئی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ احتساب عدالت میں درخواست گزار سمیت سات ملزمان کے خلاف نیب کا ریفرنس زیر سماعت ہے۔

مگر نیب کی سفارش پر وزارت داخلہ نے تین ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل کر لیے ، یہ اقدام بدنیتی پر مبنی اقدام ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کل درخواست پر سماعت کرے گا۔ لیاقت جتوئی کے خلاف متبادل توانائی ترقی بورڈ میں غیرقانونی تقرریوں اور اختیارات کے غلط استعمال کا ریفرنس زیرسماعت ہے ۔۔بشارت راجہ