چینی قونصل خانے پر حملے میں بھارتی ایجنسی را کی مالی معاونت کا انکشاف

سی ٹی ڈی نے کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے کا عبوری چالان انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت میں جمع کرادیا

بدھ 20 فروری 2019 15:02

چینی قونصل خانے پر حملے میں بھارتی ایجنسی را کی مالی معاونت کا انکشاف
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2019ء) چینی قونصل خانے پر حملے میں دہشت گردوں کو بھارتی ایجنسی را کی مالی معاونت کا انکشاف ہوا ہے۔بدھ کوسی ٹی ڈی نے کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے کا عبوری چالان انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت میں جمع کرادیا گیا، چالان میں کہا گیا کہ عبداللطیف سمیت 2 ملزمان اپنے جرم کا اعتراف کرچکے ہیں، دونوں ملزمان نے مجسٹریٹ کے روبرو زیر دفعہ 164 کا بیان قلمبند کرایا ہے۔

(جاری ہے)

سی ٹی ڈی نے چالان میں انکشاف کیا ہے کہ دہشت گردوں کی بھارتی ایجنسی را نے مالی معاونت کی، سی ٹی ڈی نے مفرور ملزمان کی انٹر پول کے ذریعے گرفتاری کی سفارش بھی کی ہے۔ چالان کے متن کے مطابق مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لئے انٹر پول سے رابطہ کیا جائے، ملزمان میں احمد حسنین، نادر خان، علی احمد، عبداللطیف اور اسلم شامل ہیں۔عبوری چالان کے مطابق ملزمان نے ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کو سہولت فراہم کی، چالان میں پانچ سے زائد دہشتگردوں کو مفرور قرار دیا گیا ہے جب کہ مفرور ملزمان میں حربیار مری ، علی داد بلیدی، کمانڈر شریف، راشد حسین اور سمیر شامل ہیں۔