اسپیکر سندھ اسمبلی کا 3 روزہ راہداری ریمانڈ حاصل کر لیا گیا

عدالت نے نیب کو آغا سراج درانی کا طبی معائنہ آج ہی کروانے کا حکم بھی جاری کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 20 فروری 2019 15:11

اسپیکر سندھ اسمبلی کا 3 روزہ راہداری ریمانڈ حاصل کر لیا گیا
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 فروری 2019ء) : نیب کی زیر حراست اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا 3 روزہ راہداری ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو آج نیب کراچی کی ٹیم نے اسلام آباد سے گرفتار کیا جس میں نیب راولپنڈی کی مدد بھی حاصل کی گئی۔ آغا سراج درانی کو گرفتار کرنے کے بعد احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے رو برو پیش کیا گیا۔

عدالت میں نیب نے مؤقف اپنایا کہ آغا سراج درانی اثاثہ جات کے معاملے پر مطمئن نہیں کر سکے۔ جائیدادیں آغا سراج درانی اور ان کے خاندان کے گیارہ افراد کے نام پر ہیں۔ ایس ای سی پی سے آغا سراج درانی اور ان کے اہل خانہ کی کمپنیوں کا ریکارڈ بھی حاصل کیا۔ آغا سراج درانی کے وارنٹ گرفتاری مجاز اتھارٹی نے جاری کیے۔

(جاری ہے)

نیب نے احتساب عدالت سے آغا سراج درانی کے سات روزہ ریمانڈ کی استدعا کی جس پر عدالت نے کہا کہ سات روز کا وقت نہیں دے سکتے۔

جس پر نیب حکام نے کہا کہ آج یا کل صبح کراچی لے جائیں گے ۔ موسم کی خرابی کی وجہ سے زیادہ وقت مانگا۔ دوران سماعت آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ آج شام 7 بجے میری واپسی کی فلائٹ تھی، نیب نے مجھے ایک پرفارمہ دیا تھا جسے پُر کر دیا تھا۔ عدالت نے نیب کی جُزوی استدعا منظور کرتے ہوئے آغا سراج درانی کا تین روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرلیا اور نیب کو ہدایت کی کہ تین دن میں آغا سراج درانی کو کراچی کی متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے جبکہ عدالت نے آج ہی آغا سراج درانی کا طبی معائنہ کروانے کا حکم بھی دیا۔

یاد رہے کہ اپریل 2018ء میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج کے خلاف تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ آغا سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی چھان بین ہوگی۔ سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف تین انکوائریز کا حکم دیا گیا تھا، جن میں آمدن سے زائد اثاثوں، غیر قانونی بھرتیوں اور ایم پی اے ہاسٹل سمیت سندھ اسمبلی بلڈنگ کی تعمیر میں کرپشن شامل ہیں۔