اراکین کونسل کی مشاورت اور ٹیم ورک سے بلدیہ ملیر کی تعمیر نو کر رہے ہیں، جان محمدبلوچ

بدھ 20 فروری 2019 16:52

اراکین کونسل کی مشاورت اور ٹیم ورک سے بلدیہ ملیر کی تعمیر نو کر رہے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2019ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت کی دعوت پرتحصیل و ضلع بونیر سے آئے ہوئی35رکنی بلدیاتی عوامی نمائندگان کے وفد نے بلدیہ ملیر کے دورے کے بعد چیئرمین بلدیہ ملیر، وائس چیئرمین بلدیہ ملیر اور اراکین کونسل بلدیہ ملیر سے مرکزی دفتر کے کونسل حال میں ملاقات کی ۔

اس موقع پر میونسپل کمشنر صفدر علی بگھیو، اراکین کونسل بلدیہ ملیر اور بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔ چیئرمین جان محمد بلوچ وائس چیئرمین عبدالخالق مروت اور اراکین کونسل بلدیہ ملیر نے والہانہ بنیاوں پر وفد کا استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے اور اجرک کے تحفے پیش کیے ۔ چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت نے بلدیہ ملیر اور ضلع بونیر کے بلدیاتی نمائندگان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ ملیر کا معزز ایوان اس لحاظ سے کراچی یا سندھ ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان میں ایک منفرد شناخت کا حامل ہے جس میں تمام زبانوں، مختلف مذاہب اور مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندگان مکمل اتفاق و اتحاد کے ساتھ بلدیہ عالیہ ملیر کی تعمیر و ترقی اور عوام کو درپیش مسائل کے ازالے کے لیے مثالی فیصلے کر رہا ہے ، بلدیہ ملیر مضافاتی آبادیوں پر مشتمل ہے جہاں پر کافی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن ہمارے حوصلے بلند ہیں ہم حکمت ، حوصلے ، صبر اور استقامت سے ان تمام مسائل پر قابو پا رہے ہیں اور ٹیم ورک سے بلدیہ ملیر کی تعمیر نو کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا ایوان تمام تر سیاسی اور نظریاتی اختلافات سے بالا تر ہو کر بلدیہ ملیر کی بہتری اور بحالی کے لیے خلوص نیت سے کوشاں ہے ہم نے ہر یونین کمیٹی کے لیے یکساں فنڈز مختص کیے ہیں، کونسل اراکین کی سفارشات ، تجاویز اور مشاورت سے عوام کو درپیش مسائل اور ان کی ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا تسلسل جاری ہے ۔

بونیر کے بلدیاتی نمائندگان کے وفد کے سربراہ ناظم ڈاکٹر عبید اللہ نائب ناظم یوسف علی خان نے کہا کہ ہمارے بلدیاتی ایوان کا کراچی آنے کا یہ پہلا تجربہ ہے آپ لوگوں نے ہمارے دل جیت لیے ہیں جس طرح آپ لوگوں نے ہماری مہمان نوازی کی ہے ہم اسے کبھی بھول نہیں سکتے ، کیونکہ ہمارا تعلق بھی بلدیاتی نظام سے ہے ہمارا اور آپ کا بلدیاتی نظام تقریباًً ایک جیسا ہے ، وفد کے سربراہ اور شرکاء نے چیئرمین جان محمد بلوچ وائس چیئرمین عبالخالق مروت اور اراکین کونسل بلدیہ ملیر کا پھولوں اور اجرک کے تحائف پر شکریہ بھی ادا کیا بعد ازاں اجلاس میں ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے دعاء بھی کی گئی۔