پی آئی اے نے ملتان سے شارجہ کے لئے ہفتہ وار دو پروازوں کا آغاز کر دیا

بدھ 20 فروری 2019 19:17

پی آئی اے نے ملتان سے شارجہ کے لئے ہفتہ وار دو پروازوں کا آغاز کر دیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2019ء) پی آئی اے نے ملتان سے شارجہ کے لئے ہفتہ وار دو پروازوں کا آغاز کر دیا۔ اس سلسلے میں افتتاحی پرواز بدھ کو علی الصبح روانہ ہوگئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ وزیر ہوابازی محمد میاں سومرو مہمان اعزاز تھے۔ پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔

پہلی پرواز پی کے 293 کے ذریعے 166 مسافر صبح 35۔1 بجے روانہ ہوئے۔شاہ محمود قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت پی آئی اے کو ایک منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ مجھے امید ہے کہ سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک کی کوششیں کامیاب ہوں گی اور پی آئی اے میں ترقی کا سفر جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

وزیر ہوا بازی محمد میاں سومرو نے کہا کہ وہ ائیر مارشل ارشد ملک اور انکی انتظامیہ کی کارکردگی اور کاوشوں سے مطمئن ہیں۔

ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ پی آئی اے میں ترقی کا سفر جاری ہے۔ شارجہ کے لئے پروازوں کا آغاز جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے تحفہ ہے جس سے انکی عرب امارات تک رسائی براہ راست ہو جائے گی۔ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ گزشتہ 4 ماہ کے دوران یہ ہماری چھٹی نئی پرواز ہے جبکہ 21 فروری کو پشاور سے شارجہ اور 22 فروری کو پشاور سے العین کے لئے پروازوں شروع کی جا رہی ہیں جو خیبر پختون خوا کے عوام کے لئے پی آئی اے کا تحفہ ہو گا۔