کے پی ٹی کرپشن کیس ،کامران مائیکل کے ریمانڈ میں 6 مارچ تک توسیع کردی گئی

جس ریفرنس میں مجھ سے تفتیش کی جارہی ہے اس میں میرا نام تک نہیں ہے،سابق وفاقی وزیر کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 20 فروری 2019 20:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2019ء) احتساب عدالت نے کے پی ٹی ہاؤسنگ سوسائٹی کی اراضی غیر قانونی الاٹمنٹ کیس میں سابق وفاقی وزیر برائے پورٹس ایند شپنگ کامران مائیکل کے ریمانڈ میں 6 مارچ تک توسیع کردی ہے ۔بدھ کو سابق وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ کامران مائیکل کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ۔صحافیوں اور دیگر لوگوں کے کمرہ عدالت میں بیٹھنے پر جج نے برہمی کا اظہار کیا۔

عدالت کا کہنا تھا کہ اگر اپ لوگ کمرہ عدالت میں موجود رہے تو سماعت نہیں ہوگی۔عدالت نے صحافیوں اور دیگر لوگوں کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا،خاتون جج نے پولیس کی نفری کو طلب کرلیا۔کچھ دیر بعد جج نے بندکمرے میں سماعت شروع کی جج نے سینیٹرسلیم ضیا ،نہال ہاشمی ،علی اکبرگجراور دیگرکوبھی باہرنکال دیا،کامران مائیکل نے اپنی گرفتاری کوبھی چیلنج کررکھاہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے کامران مائیکل کو جیل میں بی کلاس دینے کاحکم جاری کرتے ہوئے کامران مائیکل کے عدالتی ریمانڈ میں 6مارچ تک توسیع کردی ۔سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کامران مائیکل نے کہا کہ جس ریفرنس میں مجھ سے تفتیش کی جارہی ہے اس میں میرا نام تک نہیں ہے ۔مجھے غیرقانونی طورپرعدالتی تحویل میں رکھا گیا،آج اپنی ناجائز عدالتی تحویل کو ختم کرنے کی درخواست کریں گے ، اگر کوئی چیز ثابت ہوگئی تو ہم کیس کا سامنا کریں گے، سیاسی حریفوں کو نشانہ بنانے کے اچھے نتائج سامنے نہیں آئیں گے ، ہمیں بھارتی سازش کے خلاف عالمی سطح پر لابنگ کرنے کی ضرورت ہے ۔