سعودی ولی عہد کا دورہ بھارت؛ مودی سرکار پاکستان کے خلاف حمایت حاصل کرنے میں ناکام

بھارتی وزیراعظم کی توقع اور خواہش کے برخلاف ولی عہد محمد بن سلمان نے پلوامہ حملے پر کسی قسم کی گفتگو کی ، رپورٹ

بدھ 20 فروری 2019 20:47

سعودی ولی عہد کا دورہ بھارت؛ مودی سرکار پاکستان کے خلاف حمایت حاصل ..
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2019ء) سعودی ولی عہد کا دورہ بھارت کے دوران مودی سرکار پاکستان کے خلاف حمایت حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بھارت کے 30 گھنٹے کے مختصر دورے پر گزشتہ روز نئی دہلی پہنچے تھے جہاں وزیراعظم مودی نے اٴْن کا پرتپاک استقبال کیا۔دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں انفراسٹریکچر، سرمایہ کاری، سیاحت، ہائوسنگ، براڈ کاسٹنگ اور اسٹرٹیجک پارٹنر شپ کونسل کے قیام سے متعلق معاہدوں پر دستخط ہوئے۔

اس دوران سعودی عرب نے بھارت سے جانے والے عازمین حج کا کوٹہ بڑھا کر دو لاکھ کرنے کا اعلان کیا ہے۔بھارتی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ولی عہد نے کہا کہ بھارت سمیت دیگر ہمسائیہ ممالک کے ساتھ مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کریں تاکہ آنے والی نسل کو خانہ جنگی کے بجائے ایک روشن مستقبل دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم مودی نے کہا کہ دونوں ممالک نے انسداد دہشت گردی، بحری دفاع اور سائبر سیکیورٹی کے لیے باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا ہے جبکہ معاشی تعاون کو بام عروج پر پہنچانے کے لیے لائحہ عمل طے کیا گیا ہے۔

بھارتی وزیراعظم کی توقع اور خواہش کے برخلاف ولی عہد محمد بن سلمان نے پلوامہ حملے پر کسی قسم کی گفتگو کی اور نہ ہی حملے کے محرکات پر بے بنیاد بھارتی موقف کی تائید کی ۔