Live Updates

شاہد خاقان سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے افراد کی فہرست میں پانچویں نمبر پر ،دعوت کے باوجود پذیرائی کیلئے منعقدہ حکومتی تقریب میں شریک نہ ہوئے

کارڈ جاری ہواتھا لیکن ملک میں موجود نہیں تھا،ایسی تقریب میں جا کر کیا کرنا تھا جہاں وزیر اعظم اور اسکی کابینہ ٹیکس نہ دیتی ہو‘ سابق وزیر اعظم وزیر اعظم بتائیں وہ اور انکی کابینہ کتنا ٹیکس دیتی ہے ،ایف بی آر نے غیر قانونی کام کیا، فہرست جاری کرنا پارلیمنٹ کا کام ہے‘ میڈیا سے گفتگو

بدھ 20 فروری 2019 20:53

شاہد خاقان سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے افراد کی فہرست میں پانچویں نمبر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2019ء) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے افراد میں پانچویں نمبر پر ہیں تاہم وہ دعوت کے باوجود پذیرائی کیلئے منعقدہ حکومتی تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔حکومت کی میزبانی میں اسلام آباد میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے افراد کے اعزاز میں تقریب رکھی تھی اور انہیں سرٹیفکیٹس بھی دئیے گئے ۔

تقریب کے مہمان خصوصی عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے افراد کو پاکستان کے وی آئی پی قرار دیا۔فیڈرل بورڈ ریونیو کی جانب سے سرفہرست ٹیکس دہندگان کی فہرست جاری کی گئی جس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پانچویں نمبر پر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

شاہد خاقان عباسی اسلام آباد سے واحد ٹیکس دہندہ ہیں جو ٹیکس ادا کرنے والے سرفہرست 100 افراد میں شامل ہیں۔

وزیر اعظم ہائوس کی جانب سے سرفہرست ٹیکس دہندگان کو دعوت دی گئی تھی تاہم سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی دعوت کے باوجود عمران خان سے ملاقات کے لیے نہیں آئے۔شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صرف آج نہیں بلکہ پچھلے 32 سال سے ٹیکس ادا کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے فہرست جاری کر کے غیر قانونی کام کیاہے ، فہرست جاری کرنا پارلیمنٹ کا کام ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دعوت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تقریب کا کارڈ مجھے بھی جاری ہواتھا لیکن اس وقت میں ملک میں موجود نہیں تھا۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور کابینہ کی جانب سے اشارہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایسی تقریب میں جا کر کیا کرنا تھا جہاں وزیر اعظم اور اس کی کابینہ ٹیکس نہ دیتی ہو۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم پہلے قوم کو بتائیں کہ وہ کتنا ٹیکس دیتے ہیں اور ان کی کابینہ کتنا ٹیکس دیتی ہے۔

ایف بی آر کے مطابق پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والوں کی فہرست میں کراچی سے تعلق رکھنے والی خاتون صائمہ شہباز ملک شامل ہیں اور دوسرے نمبر پر کراچی سے ہی تعلق رکھنے والے محمد یاسین ملک اور تیسرے نمبر پر احمداللہ ہیں۔خیال رہے کہ ابتدائی تینوں نمبرز پر کراچی سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات ہیں جس کے بعد چوتھا نمبر لاہور کے حسن منشا کا ہے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پانچویں نمبر پر ہیں اور ان کا تعلق اسلام آباد سے ہے، ان کے علاوہ اس فہرست میں اسلام آباد سے کوئی شامل نہیں ہے۔فہرست میں شامل ابتدائی 30 ٹیکس دہندگان میں کراچی سے تعلق رکھنے والے افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے جو کہ 21 بنتی ہے جس کے بعد لاہور اور گوجرانوالہ کا نمبر آتا ہے جن کی تعداد صرف 3،3 ہے۔پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے ابتدائی 30 افراد میں فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان اور پشاور سے کوئی شامل نہیں جبکہ کوئٹہ سے صرف ایک حاجی نورالحق شامل ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات