ْ16-17 کے دوران مچھلی کی برآمد سے 394 ملین امریکی ڈالر کمائے گئے، قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات

2010 کے دوران ہونے والی کل اموات میں سے 10.11 فیصد اموات کینسر سے ہوئیں ، وزارت قومی صحت حکومت نے سٹیل ملز کو فعال کرنے کیلئے اسے نجکاری کی فہرست سے نکال دیا ہے، وزارت صنعت و پیداوار کاایوان میں تحریری بیان

بدھ 20 فروری 2019 21:12

ْ16-17 کے دوران مچھلی کی برآمد سے 394 ملین امریکی ڈالر کمائے گئے، قومی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 فروری2019ء) قومی اسمبلی کوبتاگیا ہے کہ 2016-17 کے دوران مچھلی کی برآمد سے 394 ملین امریکی ڈالر کمائے گئے۔ بدھ کو قومی اسمبلی کا اجلاس ڈھائی گھنٹے کی تاخیر کے بعد شروع ہوا جس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کی ۔ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دور ان محکمہ بحری ماہی پروری نے تحریری جواب میں کہاکہ 2016-17 کے دوران ایک لاکھ 55 ہزار میٹرک ٹن مچھلی اور مچھلی کی مصنوعات برآمد کی گئیں ۔

بتایاگیاکہ 2016-17 کے دوران مچھلی کی برآمد سے 394 ملین امریکی ڈالر کمائے گئے ۔ بتایاگیا کہ 2017-18کے دوران ایک لاکھ 98 ہزار مچھلی اور مچھلی کی مصنوعات برآمد کی گئیں ،ایک سال میں مچھلی کی برآمد میں 27 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔محکمہ بحری ماہی پروری کے مطابق سال 18-2017 کے دوران کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی کے سات پلانٹس فعال ہیں ۔

(جاری ہے)

ان پلانٹس سے ایک سال میں 17ملین ڈالرسے زائد کی مچھلی برآمد کی گئی ۔

گزشتہ پانچ سال کے دوران ماہی گیری کا کوئی لائسنس جاری نہیں کیا گیا۔ وزارت قومی صحت خدمات نے ایوان میں تحریری جواب میں بتایا گیا کہ ملک میں کینسر کے مریضوں کی تعداد میں سالانہ اضافہ ہورہا ہے ،2010 کے دوران ہونے والی کل اموات میں سے 10.11 فیصد اموات کینسر سے ہوئیں ، وزارت قومی صحت کے مطابق2011 میں 10.11 فیصد اور 2012 میں کل اموات کا 10.42 فیصد اموات کینسر سے ہوئیں ۔

وزارت قومی صحت کے مطابق 2013 کے دوران کل اموات کا 10.94 فیصد اور 2014 میں 11.48 فیصد اموات کینسر سے ہوئیں ۔2015 کے دوران کل اموات کا 12.07 فیصد اموات کینسر سے ہوئی ہیں۔ملک میں آبادی سے متعلق کوئی کینسر رجسٹری نہیں ہے۔وزارت صنعت و پیداوار کا ایوان میں تحریری بیان میں بتایاگیا کہ حکومت نے سٹیل ملز کو فعال کرنے کیلئے اسے نجکاری کی فہرست سے نکال دیا ہے ۔بتایاگیا کہ سٹیل مل کو فعال بنانے کے سلسلے میں ماہرین کا ایک گروپ تشکیل دے دیا ۔وزارت صنعت و پیداوار نے کہاکہ ماہرین کا گروپ سٹیل ملز کی بحالی کے لئے قابل عمل فارمولا بنائیگا۔ وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق سٹیل ملز کی بحالی کا منصوبہ رواں سال مارچ میں حکومت کو پیش کردیا جائیگا۔