پاک چین دو طرفہ تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہے، گورنرسندھ

چائنا کے اشتراک سے گورنر ہاوس میں گاربج ٹریکٹر اور لوڈنگ بائیک دینے کی تقریب سے گورنرسندھ کا خطاب

بدھ 20 فروری 2019 21:43

پاک چین دو طرفہ تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہے، گورنرسندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2019ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ پاک چین دو طرفہ تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہے یہ حکومت ہی نہیں بلکہ عوامی سطح پر بھی قائم ہیں جو وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہورہے ہیں ، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا جسے پوری پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، آج کی تقریب اس دوستی کی ایک مثال ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چائنا کے اشتراک سے گورنر ہائوس میں پی ایس 129 کی یو سی 15 کے کونسلر کو گاربج ٹریکٹر اور لوڈنگ بائیک دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مسٹر وینگ یو قونصل جنرل چائینیز قونصلیٹ ، ایم پی اے ڈاکٹر عمران علی شاہ، ایم پی اے حلیم عادل شیخ، ایم پی اے عدیل ، سی پی ایل سی چیف زبیر حبیب اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عمران اسماعیل نے کہا کہ ہم چائینیز قونصلیٹ کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے اس طرح کے مزید ٹریکٹرز اور لوڈنگ بائیک دینے کی پیشکش کی تا کہ کراچی سے کچرا اٹھایا جاسکے۔میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ ملک میں کرپشن کا کچرا نیب صاف کررہاہے ،نیب ایک آزاد ادارہ ہے جس نے دوران تحقیقات پنجاب کے سینئر وزرا کو بھی گرفتار کیا، گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتساب ہوتاہوا عوام کو نظر آنا چاہیے، خواہ وہ حکومتی جماعت، اپوزیشن یا بیوروکریٹس سے تعلق رکھتے ہوں، موجودہ حکومت نے کبھی احتساب کے عمل کو روکنے کی کوشش نہیں کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر وینگ یو نے کہا کہ ہماری حکومت چاہتی ہے کہ کراچی کو مزید صاف ستھرا بنایا جائے اور جہاں بھی وسائل کی کمی کے باعث یہ مشکل آرہی ہے وہاں چائینیز حکومت مدد فراہم کرنے کو تیار ہے۔