ْ مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوجیوں کے کیمپ پر برفانی تودہ گر گیا ، ایک فوجی ہلاک ، متعدد لاپتہ

فوجیوں کی ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ، 16 بھارتی فوجی سرحد پر تعینات تھے جو حادثے کے وقت گشت پر تھے

بدھ 20 فروری 2019 22:37

ْ مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوجیوں کے کیمپ پر برفانی تودہ گر گیا ، ایک فوجی ..
سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 فروری2019ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے کیمپ پر برفانی تودا گرگیا جس کی زد میں آکر ایک فوجی ہلاک ، متعدد لاپتہ ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے، حکام کی جانب سے فوجیوں کی ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ برفانی تودہ گرنے کا واقعہ بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے علاقے کناؤر میں چین بھارت سرحد کے قریب پیش آیا۔

بھارتی آرمی کے یونٹ جموں و کشمیر رائفلز کے اہلکار ڈیوٹی پر مامور تھے کہ ان کی چوکیوں پر برفانی تودہ گرگیا۔

(جاری ہے)

کناؤر کے ڈپٹی کمشنر گوپال چند نے ایک بھارتی فوجی کی لاش نکال لی گئی ہے جبکہ باقی فوجیوں کی تلاش جاری ہے۔گوپال چند نے یہ بھی بتایا کہ بھارت تبت بارڈر پولیس کے متعدد اہلکار بھی اس تودے سے متاثر ہوئے تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں بچالیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق لاپتہ اہلکاروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن بھی جاری ہیں، جبکہ فوجیوں کی ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔ 16 بھارتی فوجی سرحد پر تعینات تھے جو حادثے کے وقت گشت پر تھے۔بھارتی فوج کے حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ ایک سو 50 بھارتی فوجی اہلکار سرچ آپریشن کرنے والی ٹیم کا حصہ ہیں۔