Live Updates

پاکستانی اداکار فواد خان نے بیٹی کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کی تردید کر دی

فواد خان اس وقت پاکستان میں موجود نہیں ہیں اور انسداد پولیو مہم کو مکمل طور پر سپورٹ کرتے ہیں۔ فواد خان کی ٹیم کا بیان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 فروری 2019 10:28

پاکستانی اداکار فواد خان نے بیٹی کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 فروری 2019ء) : پاکستانی اداکار فواد خان نے بیٹی کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کی خبروں کی تردید کر دی۔ تفصیلات کے مطابق فواد خان کی ٹیم کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا کہ فی الوقت فواد خان ملک سے باہر ہیں لیکن وہ انسداد پولیو مہم کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ فواد خان کی ٹیم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ فواد خان اور کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی، جس میں کہا گیا کہ فواد خان نے 19 فروری کو حکومت کی انسداد پولیو مہم میں مداخلت کی اور اپنی رہائش گاہ پر اپنی بیٹی کو پولیو کے قطرے پلوانے سے انکار کردیا۔

لیکن سچ تو یہ ہے کہ پولیو ٹیم جس وقت فواد خان کے گھر آئی تب بچی کے والدین میں سے کوئی بھی گھر پر موجود نہیں تھا۔

(جاری ہے)

فواد خان 13 فروری سے ہی ملک سے باہر ہیں۔ انہوں نے پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کیا جس کے بعد اب وہ امریکہ میں موجود ہیں۔ فواد خان کو اپنے خلاف درج کروائی جانے والی ایف آئی آر کا پریس کے ذریعے علم ہوا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ فواد خان حکومت کی انسداد پولیو مہم کی مکمل طور پرحمایت کرتے ہیں اور وہ عالمی ادارہ صحت اور بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مرکز کی ہدایات سے بھی بخوبی واقف ہیں۔

فواد خان کی بیٹی کی ویکیسنیشن کی تاریخ اور اس حوالے سے تمام ریکارڈ بھی موجود ہے۔ فواد خان کی ٹیم کی جانب سے جاری بیان کے بعد وزیر اعظم عمران خان کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیو بابر عطا نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ڈی سی او کی جانب سے اطلاع دی گئی تھی کہ مقدمہ گھر کے سربراہ کے خلاف درج کیاگیا ہے جو فواد خان ہی ہیں۔

کیونکہ حکومت ان کی بیٹی کو پولیو کے قطرے پلانا چاہتی تھی لیکن بارہا گھر پر جانے اور درخواست کرنے کے باوجود ٹیم کو اجازت نہیں دی گئی۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز ضلعی انتظامیہ نے بیٹی کو پولیو کے قطرے نہ پلوانے پر اداکار فواد خان کے خلاف مقدمہ درج کروا یا تھا۔ضلعی انتظامیہ لاہور کے مطابق انسداد پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 6 افراد کے خلاف مقدمے درج کروایا۔ انتظامیہ کے مطابق بیٹی کو پولیو کے قطرے نہ پلانے پر ٹی وی و فلم اداکار فواد خان کے خلاف مقدمہ درج کروایا گیا۔ترجمان ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ فوادخان کے خلاف مقدمہ فیصل ٹاؤن تھانے میں درج کروایا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات