بھارتی انتہا پسند پاکستان دشمنی میں اندھے ہو گئے

بالی وڈ کے کنگ خان شاہ رُخ خان پر کروڑوں روپے پاکستان بھجوانے کا الزام عائد کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 فروری 2019 11:07

بھارتی انتہا پسند پاکستان دشمنی میں اندھے ہو گئے
ممبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 فروری 2019ء) : پلوامہ حملے کے بعد پاکستان پر بھارت کی جانب سے الزام تراشیوں کا سلسلہ شروع ہوا تو بھارتی انتہا پسند پاکستان دشمنی میں اندھے ہو گئے۔ بھارتی انتہا پسندوں نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی تو کی ہی ، لیکن اس ہرزہ سرائی اور نفرت انگیز تحریک کا حصہ نہ بننے والوں کو بھی دھمکانا شروع کر دیا۔ تاہم اب بھارتی انتہا پسندوں نے بالی وُڈ کے کنگ خان شاہ رُخ خان پرالزام عائد کیا کہ انہوں نے کروڑوں روپے پاکستان بھجوائے۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ شاہ رخ نے بہاولپور ٹینکر حادثے کے متاثرین کے لیے 45 کروڑ روپے پاکستان بھجوائے تھے ۔ یہ ویڈیو 2017ء کی ہے اور اسے ایڈٹ کر کے اب وائرل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم انتہاپسندوں نے اس ویڈیو کو دیکھ کر بغیر سوچے سمجھے پراپیگنڈہ شروع کر دیا کہ امیتابھ بچن اور سلمان خان سمیت متعدد اداکار مرنے والے اہلکاروں کی مدد کر رہے ہیں اور شاہ رخ بھارتی پیسہ پاکستان بھجوا رہے ہیں۔

انہوں نے ہلاک ہونے والوں کے لیے ہمدردی کے دو بول تک نہیں بولے۔ انتہا پسندوں کا کہنا ہے کہ ہم ہندو اگر شاہ رخ کی فلمیں دیکھنا بند کردیں تو یہ 45 کروڑ کیا 45 روپے بھی پاکستان بھجوانے کے لائق نہیں رہے گا۔ شاہ رُخ خان کے خلاف بھارتی انتہا پسندوں کی تحریک نے زور پکڑا تو بھارتی میڈیا ٹائمز آف انڈیا نے بھی ایک رپورٹ شائع کی جس میں شاہ رُخ خان پر عائد ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے ان تمام الزامات کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دے دیا۔ دوسری جانب کنگ خان کے مداح بھی سوشل میڈیا پر ان کی حمایت میں سامنے آگئے اور شاہ رخ خان کی ایک پُرانی ویڈیو شیئر کر دی جس میں وہ دہشت گردی کی مذمت کرتے نظر آ رہے ہیں۔